امریکہ برفانی طوفان کی لپیٹ میں، ملک بھر میں 17 افراد ہلاک بیسیوں زخمی

بعض علاقوں میں طوفان کی رفتار 115 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور نگاہ  کی مسافت اتنی کم ہے کہ  ہاتھ کو ہاتھ دکھائی نہیں دے رہا

1923259
امریکہ برفانی طوفان کی لپیٹ میں، ملک بھر میں 17 افراد ہلاک بیسیوں زخمی

امریکہ میں 'ایلیئٹ' نامی برفانی طوفان کی وجہ سے ملک بھر میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

امریکہ قومی محکمہ موسمیات کے مطابق  قطب شمالی  سے آنے والی برفانی ہوائیں ہفتے کے آخر ی دنوں میں بھی ملک کے وسطی اور مشرقی حصّوں کو لپیٹ میں لئے رہیں گی۔

روزنامہ 'یو ایس اے ٹو ڈے' کے مطابق نامساعد موسمی حالات کے سبب ملک بھر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جمعے کے دن سے لے کر اب تک حادثات کی تعداد دو گنی ہو چکی ہے اور برفانی طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں اوپر تلے ہونے والے  حادثات میں زخمیوں کی تعداد بھی بیسیوں تک پہنچ چُکی ہے۔

حکام کے مطابق بعض علاقوں میں طوفان کی رفتار 115 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور نگاہ  کی مسافت اتنی کم ہے کہ  ہاتھ کو ہاتھ دکھائی نہیں دے رہا۔

ملک بھر میں ایک ملین سے زائد گھروں اور کاروباری مقامات کے لئے بجلی کی ترسیل منقطع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ  طوفان کی وجہ سے پیدا  ہونے والے بجلی کے عارضوں  کی تعمیر و مرمت میں کئی دن لگ جائیں گے۔

ملکی آبادی کے 60 فیصد یعنی 200 ملین سے زائد افراد کو "برفانی طوفان" کی وارننگ دی گئی ہے۔ ملک کی مغربی ریاستوں مونٹانا، جنوبی ڈاکوٹا اور ووئیمنگ  میں درجہ حرارت منفی 45 درجے  اور جنوبی ریاستوں فلوریڈا اور جارجیا میں بھی کرسمس  کے موقع پر ریکارڈ سردی  کا سامنا ہے۔

نیویارک، ورجینیا، جارجیا، شمالی کیرولینا اور اوکلاہاما سمیت  متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا اور صدر جو بائڈن نے شہریوں سے تنبیہات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

انٹر نیٹ سائٹ 'فلائنگ اویئر ' کے مطابق کرسمس کے لئے اور سال کے مصروف ترین سیاحتی دورانیے میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور 25 ہزار فلائٹوں کو تاخیر کا سامنا ہے۔

منسوخ یا تاخیر والی پروازوں  کے مسافر ائیر پورٹوں پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور حکام نے شہریوں کو موسمی حالات کی طرف دھیان دینے اور اشد ضرورت نہ ہونے کی صورت میں گھروں میں رہنے کی تنبیہ کی ہے۔



متعللقہ خبریں