ایران سے متعلق اہم فیصلے کا دن آج ہے:ٹرمپ

گزشتہ روز  اپنے ایک ٹوئٹ میں صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران معاہدے سے متعلق اپنے فیصلے کا اعلان منگل کی دوپہر دو بجے  یعنی  ترکی کے مقامی وقت کے مطابق  شب ۹ بجے وائٹ ہاؤس میں کریں گے

965946
ایران سے متعلق اہم  فیصلے کا دن آج ہے:ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آج  ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے مستقبل کے بارے میں اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔

 گزشتہ روز  اپنے ایک ٹوئٹ میں صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران معاہدے سے متعلق اپنے فیصلے کا اعلان منگل کی دوپہر دو بجے  یعنی  ترکی کے مقامی وقت کے مطابق  شب ۹ بجے وائٹ ہاؤس میں کریں گے۔

صدر ٹرمپ ابتدا سے ہی 2015ء میں ایران اور امریکہ سمیت چھ دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے ناقد رہے ہیں اور بارہا معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کی دھمکی دے چکے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ  نے اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر نظرِ ثانی کے لیے 12 مئی تک مہلت  دے رکھی ہے۔

ٹرمپ حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے باقی پانچ ممالک  یعنی  روس، چین، جرمنی ، فرانس اور برطانیہ  نے مقررہ مہلت  سے قبل معاہدے میں موجودخامیاں  دور نہ کیں تو امریکہ اس معاہدے سے نکل جائے  گا اور ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عائد کردے گا۔

معاہدے میں شامل امریکہ کے اتحادی فرانس، جرمنی اور برطانیہ امریکہ کو یہ معاہدہ برقرار رکھنے پر قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جب کہ چین اور روس بھی معاہدہ برقرار رکھنے پر زور دے چکے ہیں۔

ایران کی قیادت واضح کرچکی ہے کہ وہ معاہدے پر مکمل طور پر عمل کر رہی ہے اور معاہدے کی کسی شق پر نظرِ ثانی کے لیے کوئی بات نہیں کی جائے گی۔

 

 



متعللقہ خبریں