امریکہ  اپنے سفارت خانے کومقبوضہ بیت المقدس منتقل کرئے گا  : صدر  ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیا جائے گا۔

673889
امریکہ  اپنے سفارت خانے کومقبوضہ بیت المقدس منتقل کرئے گا  : صدر  ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ہمراہ واشنگٹن میں مشترکہ پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیا جائے گا۔

اگرچہ اس پریس کانفرنس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یہودی بستیوں کے قیام کے معاملے میں پیچھے ہٹنا ہوگا لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ فلسطین اور اسرائیل میں قیامِ امن کےلیے دو ریاستی حل پر زور دینا ضروری نہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ گزشتہ دو دہائیوں سے مشرقِ وسطی میں قیامِ امن کےلیے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا آرہا تھا جس میں فلسطین کو اسرائیل سے علیحدہ ایک آزاد ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ شامل تھا لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پالیسی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یہ عندیہ دے دیا تھا کہ ان کی حکومت اسرائیل پر دو ریاستی حل مسلط نہیں کرے گی۔

نیتن یاہو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے فلسطین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اسرائیل کے خلاف نفرت ختم کرنا ہوگی اور وہ اقوامِ متحدہ کے اسرائیل مخالف ’یک طرفہ‘ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں ،انہوں نے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے کے بارے میں کہا کہ یہ ’بدترین معاہدوں میں سے ایک‘ ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی پریس کانفرنس میں  امریکہ کے ساتھ خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کا سب سے بڑا حمایتی  ملک ہے۔



متعللقہ خبریں