عالمی برادری کو اسرائیلی وزیراعظم پر اعتماد نہیں۔

امریکی صدر باراک اوباما نے  کہا ہے کہ اسرائیل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاملے پر عالمی برادری میں اپنی ساکھ کھورہا ہے۔

291818
عالمی برادری کو اسرائیلی وزیراعظم پر اعتماد نہیں۔


امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیل کے چینل 2 ٹی وی چینل کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ اسرائیل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاملے پر عالمی برادری میں اپنی ساکھ کھورہا ہے۔
فلسطین میں قیام امن کے لئے اسرائیل کوعملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے فلسطین کے آزاد ریاست کے قیام سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ امن نہیں چاہتے۔ صدر اوباما نے کہا پہلے ہی عالمی برادری کا خیال ہے کہ اسرائیل دو ریاستی حل کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان نے عالمی برادری کے اس خیال کو مزید پختہ کردیا کہ اسرائیل اس بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے ہم آج تک یورپین ممالک کے بیانات کو پس پشت ڈالتے رہے لیکن اگر اب اسرائیل نے معاملے کے حل کے لئے فلسطین کو اہم فریق نہ سمجھا تو پھر امریکا اقوام متحدہ میں اسرائیل کی حمایت کے حوالے سے اپنے موقف میں تبدیلی پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی نائب وزیر خارجہ تزپی ہوتو ویلی نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر اسرائیل اپنی پالیسیوں کے حوالے سے کسی سے معافی نہیں مانگے گا،۔ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ یہ سرزمین یہودیوں کی ہے اور ہم ہی اس کے اصل حق دار ہیں۔ ہم بین الاقوامی برادری سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے اسے یہودی ریاست کے قیام کی منظوری دے گی۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ ان کے دورِ حکومت میں فلسطینی ریاست کا قیام نہیں ہو سکتا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں