اٹلی: ترکیہ، چین اور امریکہ جنگ کے خاتمے کے لئے مزید دباو ڈالیں

ترکیہ، چین اور امریکہ کو فائر بندی اور مذاکرات کے آغاز کے لئے مزید دباو ڈالنا چاہیےاور مجھے یقین ہے کہ وہ دباو ڈال سکتے ہیں: انتونیو تاژانی

1918715
اٹلی: ترکیہ، چین اور امریکہ جنگ کے خاتمے کے لئے مزید دباو ڈالیں

اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ 'انتونیو تاژانی' نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ میں فائر بندی اور مذاکرات کے آغاز کے لئے ترکیہ، چین اور امریکہ کو مزید دباو ڈالنا چاہیے۔

تاژانی نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ "یوکرین عوام کے ساتھ اتحاد" کانفرنس میں شرکت کی اور اطالوی پریس کے سوالات کے جواب دئیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ"افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یوکرین میں قیامِ امن  مستقبل قریب کی بات نہیں ہےلیکن ہمیں  ہرگز مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ہمیں، روس کو یہ سمجھانے کے لئے کہ وہ اس احمقانہ جنگ کو جاری نہیں رکھ سکے گا، کام کرنا اور بھرپور کوشش کرنا چاہیے"۔

تاژانی نے کہا ہے کہ "ہمیں امید ہے کہ یہ جنگ جلد از جلد اور اس معاملے کے واحد منصفانہ حل یعنی یوکرین کی آزادی  کی بنیاد پر ختم ہو جائے گی"۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا امن کے کوئی آثار دِکھائی دے رہے ہیں؟انہوں نے کہا ہے کہ ہر طرح کے مذاکرات میں سہولت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ترکیہ، چین اور امریکہ کو فائر بندی اور مذاکرات کے آغاز کے لئے مزید دباو ڈالنا چاہیےاور مجھے یقین ہے کہ وہ دباو ڈال سکتے ہیں"۔

انتونیو تاژانی نے کہا ہے کہ روس، زاپوریژیا پاور پلانٹ کے بارے میں پہلا قدم اٹھا کر اس موضوع پر اشارہ دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اٹلی یوکرین میں شہریوں کی مدد کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر تیار ہےاور اس کے لئے ہم 10 ملین یورو مختص کریں گے۔



متعللقہ خبریں