ترکیہ: ہم ہنگری کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے ہر طرح کے تعاون پر تیار ہیں

ہم، TANAP کے ذریعے ہنگری  کو قدرتی گیس کی فراہمی کے معاملے میں آذربائیجان کے ساتھ مل کر ہر طرح کے تعاون پر تیار ہیں: صدر رجب طیب ایردوان

1967157
ترکیہ: ہم ہنگری کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے ہر طرح کے تعاون پر تیار ہیں

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم،  ٹرانس اناطولیہ قدرتی گیس پائپ لائن TANAP کے ذریعے ہنگری کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے، آذربائیجان  کے ساتھ مل کر ہر طرح کے تعاون پر تیار ہیں۔

صدر ایردوان نے ، دارالحکومت انقرہ  میں صدارتی سوشل کمپلیکس میں، ہنگری کی صدر کاتالین نوواک کے ساتھ  ملاقات کی۔

ایردوان اور نوواک  نے دو طرفہ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ نوواک، 6 فروری کے زلزلے کے بعد ہنگری کے ترکیہ کے ساتھ اظہارِ تعاون و یکجہتی   اور دو طرفہ تعاون پر بات چیت کے لئے انقرہ کے دورے پر ہیں۔ ہم زلزلہ زدگان کے لئے فراہم کردہ امداد پر ہنگری کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ نوواک کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات میں ہم نے ترکیہ۔ہنگری باہمی تعلقات کے مختلف پہلووں پر غور کیا۔ اس ملاقات میں ہمیں خواہ تجارتی ہو یا عسکری، اقتصادی ہو یا ثقافتی باہمی تعلقات کے تمام پہلووں کے جائزے کا موقع مِلا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ مذاکرات میں ہم نے، ترکیہ۔ہنگری باہمی تعلقات کو ترقی یافتہ اسٹریٹجک ساجھے داری کی بنیادوں پر اور ہر شعبے میں مزید تقویت دینے کے پہلو پر، مشترکہ عزم کی تصدیق کی ہے۔ ہم،  اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل  کا چھٹا اجلاس دسمبر کے مہینے میں ہنگری کے دارالحکومت بداپشت میں کریں گے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم، ٹرانس اناطولیہ قدرتی گیس پائپ لائن TANAP کے ذریعے ہنگری  کو قدرتی گیس کی فراہمی کے معاملے میں، آذربائیجان کے ساتھ مل کر ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔



متعللقہ خبریں