ترکیہ: ہم اناج راہداری سمجھوتے سے متعلقہ پیش رفتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں

ہم، اناج سمجھوتے کی میعاد میں توسیع کی خاطر، روس اور یوکرین کی طرف سےاٹھائے گئے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں: ترکیہ وزارت دفاع

1959525
ترکیہ: ہم اناج راہداری سمجھوتے سے متعلقہ پیش رفتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں

ترکیہ نے کہا ہے کہ ہم، اناج سمجھوتے کی میعاد میں توسیع کی خاطر، روس اور یوکرین کی طرف سےاٹھائے گئے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ترکیہ وزارت دفاع  نےاناج سمجھوتے کے معاملے میں تازہ پیش رفتوں سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "ترکیہ، روس ، یوکرین اور اقوام متحدہ کی طرف سے اور صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس کی شرکت سے 22 جولائی 2022 کو طے کئے گئے" بحیرہ اسود اناج سمجھوتے" کے دائرہ کار میں اس وقت تک یوکرین کی بندرگاہوں سے 24 ملین ٹن اناج بحفاظت ضرورت مند ممالک تک پہنچایا جا چکا ہے"۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "13 مارچ کو اقوام متحدہ کے زیرِ انتظام اور جنیوا میں اقوام متحدہ، روس اور یوکرین کے وفود کے مابین مذاکرات میں روسی فریق نے ،سمجھوتے کی میعاد میں 60 روزہ توسیع کی حمایت کا اور روسی غذائی مصنوعات اور کھاد کی عالمی منڈیوں تک پُر سہولت رسائی کے معاملے میں ضروری پیش رفت کی صورت میں سمجھوتے کے دوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے"۔

ترکیہ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ سمجھوتے کی مدت میں توسیع  کی خاطر  فریقین کے درمیان اٹھائے گئے اقدامات مستحسن ہیں ۔سمجھوتے کی مدت میں اضافے کے لئے ترک حکام اپنے مخاطبین کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 24 فروری 2022 سے جاری روس۔یوکرین جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے غذائی بحران  کے خطرے کا سدّباب کرنے کے لئے ترکیہ کی کوششوں سے "اناج راہداری سمجھوتہ" طے کیا گیا۔ سمجھوتے کی مدت 18 مارچ  کو ختم ہو رہی ہے۔

سمجھوتے کی مدت ختم ہونے سے قبل سوٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ اور روس  کے درمیان مذاکرات کے بعد فریقین نے اناج راہداری سمجھوتے کی میعاد میں 60 روزہ توسیع کا اعلان کیا ہے۔



متعللقہ خبریں