اب ہمیں مغربی منڈیوں کے لئے ترکمان قدرتی گیس کی ترسیل شروع کر دینی چاہیے: ایردوان

اناج سمجھوتے اور قیدیوں کی تبادلے کے ساتھ ہم سب نے اس چیز کا مشاہدہ کیا ہے کہ ڈپلومیسی کو موقع دینے کی صورت میں امن کی طرف راستہ کھُل سکتا  ہے: صدر ایردوان

1918938
اب ہمیں مغربی منڈیوں کے لئے ترکمان قدرتی گیس کی ترسیل شروع کر دینی چاہیے: ایردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اب ہمیں مغربی منڈیوں کے لئے ترکمان قدرتی گیس کی ترسیل شروع کر دینی چاہیے۔

صدر ایردوان نے ترکمانستان میں ترکیہ۔آذربائیجان۔ترکمانستان سربراہی اجلاس میں اپنے ہم منصبوں کے ہمراہ سہ فریقی اور بین الوفود مذاکرات کئے۔

سہ فریقی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ترک حکومتوں کی کمیٹی TDT میں بحیثیت مبصر  شرکت کرنے والے ملک ترکمانستان کے مکمل رکنیت مرحلے کی  جلد از جلد تکمیل ہماری قوت میں اضافہ کرے گی۔ ازبکستان میں منعقدہ سمرقند سربراہی اجلاس میں  شمالی قبرصی ترک جمہوریہ  کی بطور مبصر TDT میں شرکت نے بھی ہمیں تقویت دی ہے۔

24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کے دوران پیش آنے والے حالات کے بارے میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ " اناج سمجھوتے اور قیدیوں کی تبادلے کے ساتھ ہم سب نے اس چیز کا مشاہدہ کیا ہے کہ ڈپلومیسی کو موقع دینے کی صورت میں امن کی طرف راستہ کھُل سکتا  ہے۔ ہم روس کے صدر ولادی میر پوتن اور یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ پہلے فائر بندی اور اس کے بعد ہمارے علاقے میں پائیدار امن قائم ہو جائے گا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم ترکمانستان اور آذربائیجان سے ترکیہ کے لئے بجلی کی ترسیل کے معاملے میں کاروائیاں شروع کرنے پر تیار ہیں۔

ترکیہ۔ آذربائیجان۔ ترکمانستان  سربراہی اجلاس میں تینوں ممالک  کے درمیان تجارت، سائنس، تعلیم، ثقافت، کسٹم، انرجی اور رسل و رسائل کے شعبوں میں 5 سمجھوتوں پربھی  دستخط کئے گئے ہیں۔



متعللقہ خبریں