چند دنوں میں ہم اپنے طیاروں، توپوں اور ڈرونوں کے ساتھ ان کے سروں پر پہنچ جائیں گے: صدر ایردوان

لفظی ہیر پھیر سے دہشت گرد تنظیموں کے نام تبدیل کرنے والوں اور دہشت گردوں کے ساتھ اپنے فوجیوں کی تصویریں شائع کر کے ترکیہ کوبہلانے پھُسلانے والے کا انجام قریب آگیا ہے: صدر رجب طیب ایردوان

1909617
چند دنوں میں ہم اپنے طیاروں، توپوں اور ڈرونوں کے ساتھ ان کے سروں پر پہنچ جائیں گے: صدر ایردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "چند دن کے اندر اندر ہم اپنے طیاروں، توپوں اور ڈرونوں کے ساتھ دہشتگردوں کے سروں  پر پہنچ جائیں گے اور انشاء اللہ مختصر ترین مدت میں سب کا جڑ بنیاد سے خاتمہ کر دیں گے"۔

صدر ایردوان نے آرتوین میں یوسف ایلی بیراج  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

گذشتہ ہفتے استنبول میں ہونے والے بم حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس کاروائی کو ہم مردانہ وار ترکیہ کے مقابل آنے کے حوصلے سے محروم بزدلوں کی بزدلانہ کاروائی سمجھتے ہیں۔ بچوں سمیت 6 معصوموں کی ہلاکت کا سبب بننے والے اس حملے کا جواب ہم نے عراق اور شام کے شمال میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر دیا ہے"۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیم سے،اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں سر پر برسنے والے بم ، ہضم نہیں ہو ئے اور اس دفعہ اس نے ہمارے سرحدی علاقوں میں ہمارے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سرحدی علاقوں میں PKK/YPG کے حملے میں ایک 4 سالہ بچہ اور 22 سالہ استاد شہید ہو گیا ہے۔ انشاء اللہ ہمارے ان بہن بھائیوں کے خون کا ایک قطرہ بھی رائیگاں نہیں جائے گا"۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ کی سرحدوں اور شہریوں پر حملوں کا منبع واضح ہو گیا ہے۔ ان دہشت گردوں کی پُشت پناہی  کون کر رہا ہے، کون انہیں اسلحہ دے رہا ہے اور کون ان کے حوصلے بڑھا رہا ہے یہ بات  ہم بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ لفظی ہیر پھیر سے دہشت گرد تنظیموں کے نام تبدیل کرنے والوں اور دہشت گردوں کے ساتھ اپنے فوجیوں کی تصویریں شائع کر کے ترکیہ کوبہلانے پھُسلانے والے کا انجام قریب آگیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چند دنوں میں ہم اپنے طیاروں، توپوں اور ڈرونوں کے ساتھ ان کے سروں پر پہنچ جائیں گے اور انشاء اللہ مختصر ترین وقت میں اپنے ٹینکوں، فوجیوں، اپنے دوستوں اور حامیوں کے ہمراہ  ان سب کی جڑیں اُکھاڑ کر رکھ دیں گے"۔  



متعللقہ خبریں