اگر سویڈن اور فن لینڈ  نیٹو کی رکنیت چاہتے ہیں تو ترکی کے خدشات پر توجہ دیں: ایردوان

ہم پہلے دن سے ہی اس بات پر زور دیتے چلے آ رہے ہیں کہ مذکورہ دونوں ممالک میں دہشت گرد تنظیم PKK  اور اس کی شاخوں PYD/YPG کی بِلا روک ٹوک نقل و حرکت کو روکا جائے: صدر رجب طیب ایردوان

1849211
اگر سویڈن اور فن لینڈ  نیٹو کی رکنیت چاہتے ہیں تو ترکی کے خدشات پر توجہ دیں: ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "اگر سویڈن اور فن لینڈ  نیٹو کی رکنیت چاہتے ہیں تو انہیں اتحاد کے 70 سالہ رکن ملک 'ترکی' کے سکیورٹی خدشات پر توجہ دینا ہو گی"۔

صدر رجب طیب ایردوان نے، نیٹو کے 2 روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ روانگی سے قبل،  دارالحکومت انقرہ کے ایسن بوعا ائیر پورٹ پر اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے دور میں منعقدہ اس سربراہی اجلاس کے ساتھ  یورپ اٹلانٹک جغرافیہ میں نیٹو کے حقیقی کردار کی تصدیق ہو گی۔ اجلاس میں یوکرین جنگ کے نیٹو اتحاد پر اثرات، نیٹو کی جارحانہ و  دفاعی  کوششوں اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد پر بات کی جائے گی۔ اجلاس  سے ہماری بنیادی توقعات نیٹو کے باہمی  اتحاد کو غیر مشروط شکل میں سامنے لایا جانا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں سے دہشت گردی کی ہر نوعیت اور اظہار کے خلاف بلا تفریق جدوجہد کرنے اور کسی ایک نیٹو رکن کو درپیش خطرے کو اصل میں پورے نیٹو اتحاد کے لئے خطرہ   قبول کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سویڈن اور فن لینڈ کی رکنیت  درخواستیں بھی سربراہی اجلاس کے سرفہرست موضوعات میں سے ایک ہوں گی۔ اس بارے میں ہمارے موقف سے اب ہر کوئی آگاہ  ہے۔ ہم پہلے دن سے ہی اس بات پر زور دیتے چلے آ رہے ہیں کہ مذکورہ دونوں ممالک میں ترکی کے حیاتی مفادات  کے لئے خطرہ تشکیل دینے والی دہشت گرد تنظیم PKK  اور اس کی شاخوں PYD/YPG سمیت ہر طرح کی دہشت گردی  شاخوں  کی بِلا روک ٹوک نقل و حرکت کو روکا جائے۔

صدر ایردوان نے میڈریڈ میں سویڈن کی وزیر اعظم، فن لینڈ کی صدر اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل  کی شرکت سے متوقع  چہار فریقی اجلاس میں شرکت کا بھی ذکر کیا اور کہا ہے کہ "ہم خالی خولی باتیں نہیں نتیجے کے خواہش مند ہیں۔ نیٹو کی رکنیت  مختلف ذمہ داریاں بھی عائد کرتی ہے۔ اگر سویڈن اور فن لینڈ نیٹو کا رکن بننا چاہتے ہیں تو انہیں اتحاد کے 70 سالہ رکن ملک' ترکی' کے سکیورٹی خدشات کو نگاہ میں رکھنا چاہیے۔ اس کے برعکس سوچنا ناممکن ہے "۔

انہوں نے کہا ہے کہ سربراہی اجلاس کے دائرہ کار میں ہم، بعض سربراہان کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان  ملاقاتوں میں ہم، ایجنڈے  کے دو طرفہ مسائل  کے ساتھ ساتھ نیٹو  کے اندر اتحاد اور گلوبل ایجنڈے کے مسائل کا جائزہ  لیں گے۔

صدر ایردوان نے آج صبح امریکہ کے صدر جو بائڈن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ بائڈن نے آج شام یا کل میڈرڈ میں دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ہم نے بھی اس خواہش کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اجلاس کے دائرہ کار میں یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میچوتاکیس  کے ساتھ ملاقات ناممکن ہے۔ یونان کے ساتھ ہمارا اعلیٰ اسٹریٹجک اجلاس طے تھا جسے میں نے منسوخ کر دیا ہے۔ اب یہ ممکن نہیں ہے۔ اب کے بعد یونان خود اپنی اصلاح کرے"۔



متعللقہ خبریں