جرمن چانسلر کا بیان بے بنیاد اور متعصبانہ ہے،مذمت کرتے ہیں: ترک امور خارجہ

ترک وزارت خارجہ نے جرمن چانسلرشُلزکے مذکورہ بیان کی مذمت کی ہے اور کہا کہ انقرہ ،یونان کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں اپنی خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گا

1836507
جرمن چانسلر کا بیان بے بنیاد اور متعصبانہ ہے،مذمت کرتے ہیں: ترک امور خارجہ

جرمنی کے چانسلر اولاف شُلز نے ترکی پر زوردیا ہے کہ وہ یونان کواشتعال دلانے سے بازرہے جس  پر انقرہ نے ان کے اس بیان کی مذمت کی ہے۔

جر من حکومت کے ترجمان نے گزشتہ روز کہا تھا  کہ چانسلر کی رائے ہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر نیٹو کے تمام اتحادی ایک ساتھ کھڑے ہوں اور آپس میں اشتعال انگیزی سے گریزکریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور یونانی جزائر پرپرواز کرنا ٹھیک نہیں ، یہ کارروائی اتحاد کی روح کے منافی ہے ہم یورپی یونین کے رکن ممالک کی خودمختاری پر سوال اٹھانے کو قبول نہیں کرسکتے۔

 یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایتھنز اورانقرہ نے ایک دوسرے پرلڑاکا طیاروں کے ساتھ فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کےالزامات عاید کیے تھے۔

ترک وزارت خارجہ نے جرمن چانسلرشُلزکے مذکورہ بیان کی مذمت کی ہے اور کہا کہ انقرہ ،یونان کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں اپنی خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گا۔

ترجمان وزارت خارجہ   تانجو بیلگیچ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم جرمن چانسلرکے دفترکی جانب سے ترکی کے خلاف بے بنیاد بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انھیں مسترد کرتے ہیں اورتوقع کرتے ہیں کہ جرمنی یونان کے حق میں اتحاد کی روح کے منافی متعصبانہ بیان دینے کے بجائے اس کو بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق کام کرنے کی ترغیب دے گا۔

واضح رہے کہ بحرروم کے مشرقی حصے میں انقرہ کے تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں کی بنا پر 2020 سے دونوں ہمسایہ اور نیٹو کے اتحادیوں یونان اور ترکی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔۔

 

 



متعللقہ خبریں