دہشت گردوں کے صفائے کے لئے ہر ضروری کاروائی کی جائے گی: چاوش اولو

اگر یہ دہشت گرد شام میں موجود ہیں تو ہم ان سے خود نبٹیں گے۔ دہشت گردوں کے صفائے کے لئے جو بھی ضروری ہوا ہم کریں گے: چاوش اولو

1719016
دہشت گردوں کے صفائے کے لئے ہر ضروری کاروائی کی جائے گی: چاوش اولو

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ شام میں موجود دہشت گردوں کے صفائے کے لئے ہر ضروری کاروائی کی جائے گی۔

چاوش اولو نے دارالحکومت انقرہ میں نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکاڈا کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

پریس کانفرنس میں شام میں دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کے حملے دیکھنے میں آ رہے ہیں اور تازہ حملوں کے ذمہ داروں میں امریکہ اور روس بھی شامل ہیں۔

چاوش اولو نے کہا ہے کہ " طے شدہ سمجھوتے کی رُو سے دونوں ممالک نے دہشت گردوں کو کم از کم 30 کلو میٹر جنوب کی طرف لے جانا تھا۔ روس نے تل رفات اور منبج کو دہشت گردوں سے خالی کرنا تھا لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ وعدوں کی پاسداری نہیں کی گئی"۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ امریکہ اور روس اپنے وعدوں پر قائم نہیں رہے۔ وہ، یہ ضرور کہتے ہیں کہ ہم ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھ میں یہ اسلحہ کون تھما رہا ہے؟ آپ خود انہیں تربیت دیتے ہیں اور بعد میں بناوٹی مذمتی بیان جاری کر دیتے ہیں۔ اگر یہ دہشت گرد اس علاقے میں موجود ہیں تو ہمارے کرنے کا کام یہ ہے کہ ان سے خود نبٹیں۔ دہشت گردوں کے صفائے کے لئے جو بھی ضروری ہوا ہم کریں گے"۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے اواخر میں شام کے قصبے 'میرہ' میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کے دہشت گردوں کی طرف سے کئے گئے منفور حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے بھی گذشتہ روز جاری کردہ بیان میں مذکورہ علاقوں میں آپریشن کا اشارہ دیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں