ہمارا ہدف 6 سال میں کینال استنبول کو مکمل کر کے خدمات کے لئے کھولنا ہے: صدر ایردوان

ہم صرف ایک کینال ہی تعمیر نہیں کر رہے بلکہ برآمدات اور عوام کے سُکھ کا سانس لینے کے لئے ایک نیا راستہ بھی کھول رہے ہیں: صدر رجب طیب ایردوان

1667474
ہمارا ہدف 6 سال میں کینال استنبول کو مکمل کر کے خدمات کے لئے کھولنا ہے: صدر ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف 6 سال کے عرصے میں کینال استنبول کو مکمل کر کے خدمات  کے لئے کھولنا ہے۔

صدر ایردوان نے حزب اقتدار جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے قومی اسمبلی گروپ اجلاس سے خطاب کیا۔

خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم 19 سالوں سے ملکی انتظام کو تعمیرات و خدمات کی سیاست سے چلا رہے ہیں۔ استنبول میں تیسرا ائیر پورٹ اور ملک بھر میں تعمیر کئے گئے موٹر ویز، پُل، سٹی ہسپتال اس کی روشن مثال ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم ملکی برآمدات میں ہر ماہ ایک نئے ریکارڈ کے ساتھ اضافہ کر رہے ہیں۔ ہم نے پیداوار میں اضافہ کیا، صنعت کو فروغ دیا اور دفاعی صنعت میں ملک کو ایک مارکہ کی حیثیت عطا کی ہے۔ ترکی اسی طرح کینال استنبول منصوبے کو بھی مکمل کرے گا۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے پر دنیا کے بڑے ترین شہروں میں سے ایک یعنی استنبول کی باسفورس ٹریفک اور زلزلے کے لئے تیاری جیسے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہم اسے شہر کے لئے ایک ناگزیر منصوبہ سمجھتے ہیں۔ ہم صرف ایک کینال ہی تعمیر نہیں کر رہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ برآمدات اور عوام کے سُکھ کا سانس لینے کے لئے ایک نیا راستہ بھی کھول رہے ہیں۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف 6 سال کے عرصے میں مکمل کر کے خدمات کے لئے کھولنا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ 19 سالہ دور میں ہم نے ترکی کے لئے جو منصوبے مکمل کئے اور جو خدمات سرانجام دی ہیں انہیں دنیا بھر میں جاری منصوبوں کے ساتھ اور بھی سرفراز کریں گے۔



متعللقہ خبریں