انشاء اللہ ہم اس سال کے ماہِ اگست میں بھی اپنی اولاد کے لئے فتح کا ورثہ چھوڑیں گے: ایردوان

ماہِ اگست ہماری تاریخ میں فتوحات کا مہینہ کہلاتا ہے، انشاء اللہ ہم اس سال کے ماہِ اگست میں بھی اپنی اولاد کے لئے ایک نئی فتح کا ورثہ چھوڑیں گے: صدر ایردوان

1464633
انشاء اللہ ہم اس سال کے ماہِ اگست میں بھی اپنی اولاد کے لئے فتح کا ورثہ چھوڑیں گے: ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ مشرقی بحرِ روم اور بحیرہ ایجئین میں اپنے حقوق کے دفاع کے لئے ترکی  کی  کاروائیاں آخر تک جاری رہیں گی۔

صدر ایردوان نے عید الضحیٰ کی مناسبت سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں عید کے ترک ملت، عالم اسلام اور پوری انسانیت کے لئے خیر وبرکت کا وسیلہ بننے کی تمنا کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی کورونا وائرس کووِڈ۔19 کے خلاف کامیاب جدوجہد کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ حالات کے معمول پر آنے کے عمل میں سیاحت سمیت تقریباً تقریباً تمام سیکٹروں میں زندگی ، وباء سے پہلے کے دور کی سطح پر پہنچنے کی رفتار پکڑ چکی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم ماہِ اگست میں داخل ہونے والے ہیں اور یہ مہینہ ہماری تاریخ میں فتوحات کا مہینہ کہلاتا ہے۔ انشاء اللہ ہم اس سال کے ماہِ اگست میں بھی اپنی اولاد کے لئے ایک نئی فتح کا ورثہ چھوڑیں گے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "ہم اپنی، عراق، شام اور  لیبیا تک کے وسیع جغرافیے میں پھیلی ہوئی جدوجہد کو اپنے اور اپنی اولاد کی خاطر فتح پر منتج کرنے کے بارے میں پُر عزم ہیں۔ اس کے علاوہ مشرقی بحرِ روم اور بحیرہ ایجئین میں بھی ترکی کے حقوق کے دفاع کے لئے شروع کی گئی کاروائیوں کو آخر تک جاری رکھنے کا مصمّم ارادہ رکھتے ہیں"۔

انہوں نے کہا ہے کہ آیا صوفیہ مسجد کی طرح ترکی دیگر شعبوں میں بھی اپنے حق خود ارادی  و خود مختاری کے استعمال میں تردّد نہیں کرے گا۔ ترکی  ناانصافی، ظلم  اور زیادتی کے شکار انسانوں کا ساتھ دینا جاری رکھے گا خواہ وہ انسان دنیا کے کسی بھی گوشے میں ہوں ، کسی بھی ثقافت  کسی بھی نسل سے تعلق رکھتے ہوں ۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "اس بابرکت موقع پر میری تمّنا ہے کہ عید الضحیٰ ترکی میں خوشحالی اور دنیا بھر میں امن و امان کا وسیلہ بنے۔ آپ سب کو عید مبارک ہو"۔



متعللقہ خبریں