امر اللہ کی ترکی آمد کی خبر سویڈش ذرائع ابلاغ کی سرخیوں میں

سویڈن میں علاج نہیں کیا گیا، ائیر ایمبولینس کے ذریعے ترکی لے جایا گیا: ایفٹن بلیڈٹ

1405863
امر اللہ کی ترکی آمد کی خبر سویڈش ذرائع ابلاغ کی سرخیوں میں

سویڈن کے شہر مالمو میں مقیم 47 سالہ ترک امر اللہ گُلُشکین کی کل ترکی وزارت صحت کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے ترکی آمد کی خبر کو سویڈش ذرائع ابلاغ میں وسیع جگہ دی گئی ہے۔

سویڈن کے اہم اخبارات میں سے ایفٹن بلیڈٹ نے خبر کو "سویڈن میں علاج نہیں کیا گیا، ائیر ایمبولینس کے ذریعے ترکی لے جایا گیا" کی سرخی سے شائع کیا ہے اور کہا ہے کہ مریض کی بیٹیوں لیلیٰ اور سمیرا نے سوشل میڈیا سے مدد کی اپیل کی تھی۔

اخبار نے لکھا ہے کہ اس اپیل کے جواب میں ترکی کے وزیر صحت فخر الدین کھوجا نے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ " آپ کے والد کے لئے ہمارے ہسپتال اور ہمارے ڈاکٹر حاضر ہیں"۔

سویڈن کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل STV نے اپنی خبر میں کہا ہے کہ سویڈن میں علاج سے محروم رہنے والے کووِڈ۔19 کے مریض باپ کی بیٹیوں نے سوشل میڈیا سے مدد طلب کی اور وزیر فخر الدین کھوجا نے اس اپیل کا جواب دیا ۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ اپیل کے جواب میں ترکی کے وزیر صحت فخر الدین کھوجا نے کہا ہے کہ " آپ کے والد کے لئے ہمارے ہسپتال اور ہمارے ڈاکٹر حاضر ہیں، میں، صدر رجب طیب ایردوان اور ترک عوام کی طرف سے نیک تمنائیں آپ تک پہنچا رہا ہوں"۔

روزنامہ ایکسپریسین نے خبر کو " کورونا وائرس مریض علاج کی سہولت نہ ملنے پر ترکی پرواز کر گیا" کی سرخی سے شائع کیا ہے۔

اخبار لکھتا ہے کہ کورونا کے مریض باپ کے بچوں کی سوشل میڈیا سے شئیر کی گئی ویڈیو نے ہلچل مچا دی۔

روزنامہ SVD " ترکی نے سٹرمپ ائیر پورٹ سے مریض اٹھا لیا" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ 47 سالہ کورونا وائرس کے مریض باپ کی بیٹیوں کی سوشل میڈیا سے مدد کی اپیل پر ترکی حرکت میں آ گیا۔

واضح رہے کہ سویڈن میں مقیم 47 سالہ امر اللہ گُلُشکین کو کورنا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے باوجود بلا علاج گھر واپس بھیج دیا گیا تھا۔



متعللقہ خبریں