ترکی: ہمیں جگہ دیں ہم روہنگیا مسلمانوں کے لئے مہاجر کیمپ بنانے کے لئے تیار ہیں

اگر آپ ہمیں کوئی جگہ فراہم کرتی ہیں تو ہم نے جیسے اپنے ملک میں شامی مہاجرین کے  لئے  کیمپ بنائے ہیں اسی طرح روہینگیا مہاجرین کے لئے بھی رہنے کی زیادہ موزوں جگہیں تعمیر کرنے کے لئے تیار ہیں: وزیر خارجہ میولود چاوش اولو

1276157
ترکی: ہمیں جگہ دیں ہم روہنگیا مسلمانوں کے لئے مہاجر کیمپ بنانے کے لئے تیار ہیں

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے روہینگیا مسلمانوں کے لئے، مہاجر کیمپ  کی تعمیر کے لئے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے جگہ کا مطالبہ کیا ہے۔

چاوش اولو نے اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل کمیٹی اجلاس  کے دائرہ کار میں، روہینگیا مسلمانوں  کی صورتحال پر غور کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد کی شرکت سے، منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب میں چاوش اولو نے میانمار میں نسلی کشی سے بچ  کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہینگیا مسلمانوں  کی مہمان نوازی کے معاملے میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ہے کہ روہینگیا بحران ہمارے دور کا خوفناک ترین المیہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے لاکھو ں روہنگیا مہاجرین کے لئے اپنے دروازے کھولے ہیں لیکن یہ بحران بنگلہ دیش کے وسائل اور صلاحیت سے بہت بڑھ کر ہے۔ کاکس بازار کے مہاجر کیمپ میں مقیم ہمارے روہینگیا بہن بھائیوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو اس بحران کے پائیدار حل کے لئے میانمار حکومت  پر دباو ڈالنا چاہیے ۔  ہم میانمار سے حقیقی سیاسی  ارادے کا اظہار کر کے مہاجرین کی محفوظ، رضاکارانہ ، باعزت  اور مستحکم  واپسی کا انتظام کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

چاوش اولو نے کہا ہے کہ پائیدار حل کے لئے احتساب نہایت ضروری ہے ۔ روہینگیا مسلمانوں پر ظلم کرنے والوں سے اس ظلم کا حساب پوچھے بغیر مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی ممکن نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ترکی، میانمار  اور بنگلہ دیش ہر دو جگہوں پر مقیم روہینگیا مسلمانوں کی مدد کرنا جاری رکھے گا ۔ اس وقت بھی ترکی مہاجرین کو  گرم کھانے ، صحت اور اس سے مشابہہ متعدد شعبوں میں امداد فراہم کر رہا ہے۔

اجلاس میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ " محترمہ وزیر اعظم صاحبہ  ہم نے مہاجر کیمپ کی تعمیر کے لئے بنگلہ دیش  سے جگہ کا مطالبہ کیا تھا۔ اگر آپ ہمیں کوئی جگہ فراہم کرتی ہیں تو ہم نے جیسے اپنے ملک میں شامی مہاجرین کے  لئے  کیمپ بنائے ہیں اسی طرح ان مہاجرین کے لئے بھی رہنے کی زیادہ موزوں جگہیں تعمیر کرنے کے لئے تیار ہیں۔



متعللقہ خبریں