ترکی، ببانگ دہل پوری دنیا کو اسرائیل کی دہشت گردی سے آگاہ کرتا رہے گا: ایردوان

ان تمام حملوں کے باوجود ترکی بھی اور اناطولیہ خبر رساں ایجنسی بھی ببانگ دہل پوری دنیا کو اسرائیل کی دہشت گردی اور ظلم سے آگاہ کرتی رہے گی: صدر رجب طیب ایردوان

1195136
ترکی، ببانگ دہل پوری دنیا کو اسرائیل کی دہشت گردی سے آگاہ کرتا رہے گا: ایردوان

اسرائیلی فوج نے زیر محاصرہ غزہ کی پٹّی  میں  ایک عمارت کو نشانہ بنایا کہ جس میں ترکی کی اناطولیہ خبر رساں ایجنسی کا آفس بھی موجود تھا۔

حملے میں عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی ہے تاہم ایجنسی کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

واقعے پر ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اناطولیہ خبر رساں ایجنسی  کے ڈائریکٹر جنرل شینول کزانجی کو ٹیلی فون کر کے اظہار افسوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ان تمام حملوں کے باوجود ترکی اور اناطولیہ خبر رساں ایجنسی ببانگ دہل پوری دنیا کو اسرائیل کی دہشت گردی اور ظلم سے آگاہ کرتی رہے گی۔

ترکی کی وزارت خارجہ کہ طرف سے حملے کے بارے میں جاری کردہ  تحریری بیان میں اسرائیل کے حملوں کے مقابل بین الاقوامی برادری سے  حرکت میں آنے کی اپیل کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں کل سے جاری  اور کثیر تعداد میں معصوم انسانوں کے ہلاک اور زخمی ہونے  کا سبب بننے والے اور اناطولیہ خبر رساں ایجنسی  کی عمارت کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ ہم،  اسرائیل کے انتہائی اقدامات سے علاقے میں بڑھتے ہوئے  تناو کو کم کرنے کے لئے، بین الاقوامی برادری کو تیزی سے حرکت میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔

ترکی کی قومی اسمبلی کے اسپیکر مصطفیٰ شین توپ نے بھی حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اناطولیہ ایجنسی کے آفس کی عمارت کو نشانہ بنا کر اسرائیل نے اپنے ،بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق  کی پامالی کے اقدامات میں ایک اور کا اضافہ کر لیا ہے۔

صدارتی دفتر کے ترجمان ابراہیم قالن نے سوشل میڈیا پیج سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی جارحیت کی ایک تازہ مثال ہے جس کا مقصد اسرائیل کے نئے جرائم کی پردہ پوشی کرنا ہے۔

صدارتی دفتر کے شعبہ مواصلات کے سربراہ فخر الدین آلتن نے اپنے پیغام میں مغربی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم ، آزادی صحافت  کا دعوی کرنے والے مغربی ممالک کو اسرائیلی حکومت کی مذمت  کرنے کی دعوت دیتے ہیں"۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے اوراسرائیل کی پیٹھ تھپتھپانے  والے بھی  اس حملے کے  اتنے ہی ذمہ دار ہیں جتنا کہ اسرائیل ہے۔

ٹی آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ابرہیم ایرین نے بھی ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے راکٹوں کے ساتھ اناطولیہ خبر رساں ایجنسی کے آفس کو نشانہ بنائے جانے کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔



متعللقہ خبریں