ہم شام میں سکیورٹی زون کا کنٹرول کسی کے ہاتھ میں نہیں جانے دیں گے: صدر ایردوان

شام کے شمال میں دہشت گردوں کے خلاف جدوجہد ترکی کے لئے بقا کے مسئلے کی حیثیت رکھتی ہے: صدر رجب طیب ایردوان

1153293
ہم شام میں سکیورٹی زون کا کنٹرول کسی کے ہاتھ میں نہیں جانے دیں گے: صدر ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان  نے کہا ہے کہ ہم شام میں سکیورٹی زون کا کنٹرول کسی کے ہاتھ میں نہیں جانے دیں گے۔

ایک پرائیویٹ چینل کی براہ راست نشریات میں ایجنڈے کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ بعض حلقے ترکی کی پوری شامی سرحد کے ساتھ جمع ہونے والی علیحدگی پسند دہشت گرد  تنظیم YPG/PKK  کے خطرے کو دیکھا ان دیکھا کر رہے ہیں لیکن شام کے شمال میں دہشت گردوں کے خلاف جدوجہد ترکی کے لئے بقا کے مسئلے کی حیثیت رکھتی ہے۔   ہم شام میں سیکورٹی زون کا کنٹرول کسی کے ہاتھ میں نہیں جانے دیں گے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارے لئے اہم بات یہ ہے کہ سکیورٹی زون کا کنٹرول ترکی کے ہاتھ میں ہو اسے ہم جرمنی، فرانس یا پھر امریکہ کے ہاتھ میں نہیں جانے دیں گے۔ اس وقت پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ ترکی کے بغیر شام میں بحران کا حل ممکن نہیں ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ امریکہ کے شام سے انخلاء کے فیصلے  کو ٹال مٹول کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ ایسا ہونے کی صورت میں ہمارا روّیہ مختلف ہو گا۔ ان کے فوجی وہاں سے نکلیں گے اور جہاں تک ہماری معلومات ہیں علامتی طور پر  تین چار سو یا پھر 200 فوجی وہاں رہ سکتے ہیں یا پھر کولیشن کی شکل میں 500 فوجیوں کو شام میں چھوڑ سکتے ہیں۔

یورپی یونین کو بھی سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین مرکز توجہ  کی حیثیت کھو بیٹھی ہے۔ یورپ بے اطمینان ہے ۔ حالات یہی رہے تو یونین ہمیں کہاں لے جا سکتی ہے؟ یہی ہو سکتا ہے کہ ہمیں اپنا راستہ خود بنانے کی تحریک دے۔



متعللقہ خبریں