ایردوان۔پوتن سمجھوتہ شام میں امید کی ایک کرن ہے: روسی ذرائع ابلاغ

ادلب میں نو فائر زون کی تشکیل کے بارے میں صدر رجب طیب ایردوان اور صدر ولادی میر پوتن کے درمیان اتفاق رائے شام میں قیام امن کے لئے ایک امید افزا قدم ہے

1051878
ایردوان۔پوتن سمجھوتہ شام میں امید کی ایک کرن ہے: روسی ذرائع ابلاغ

روس کے ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ شام کے علاقے ادلب میں نو فائر زون کی تشکیل کے بارے میں صدر رجب طیب ایردوان اور صدر ولادی میر پوتن کے درمیان اتفاق رائے شام میں قیام امن کے لئے ایک امید افزا قدم ہے۔

روسی اخبارات نے صدر ایردوان اور صدر پوتن کے درمیان کل سوچی میں منعقدہ اجلاس کے نتائج کو ایک مثبت پیش رفت کے طور پر رائے عامہ تک پہنچایا ہے۔

روزنامہ ویدو موستی نے "ایردوان اور پوتن کے درمیان ادلب میں نو فائر زون کی تشکیل کے بارے میں سمجھوتہ" کی سرخی کے ساتھ لکھا ہے کہ یہ فیصلہ 4 گھنٹے کے مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے اور فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ شام کے مسلح مخالفین کے زیر کنٹرول آخری بڑے  علاقے میں فوجی آپریشن نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں روس کے وزیر خارجہ سرگے شوئے گو نے بھی کہا ہے کہ ادلب میں کوئی نیا آپریشن نہیں ہو گا"۔

روزنامہ کومیرسانت نے "ادلب میں آپریشن نہیں کیا جائے گا" کی سرخی  کے ساتھ موضوع سے متعلق خبر شائع کی ہے۔

روزنامہ نیزاویسی مایا نے  کہا ہے کہ صدر ایردوان علاقے میں مسئلے کے حل  کے لئے کوئی درمیانی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

روزنامہ ازویستیا نے موضوع سے متعلق خبر کو "شام میں امید" کی سرخی کے ساتھ شائع کیا ہے جبکہ TASS خبر رساں ایجنسی نے خبر کے لئے "مسئلہ ادلب میں پیش رفت " کی سرخی لگائی ہے۔

روس کے ٹیلی ویژن چینلوں نے  بھی اپنی نشریات میں سوچی میں صدر ایردوان اور صدر پوتن کے مذاکرات کو وسیع جگہ دی ہے۔


ٹیگز: #ادلب , #سوچی

متعللقہ خبریں