ایردوان۔پوٹن ملاقات،پابندیاں ختم تعلقات بحال

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سوچی میں مہمان ترک صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ ملاقات کی جس میں پوٹن نے کہا کہ تعلقات پھر سے معمول پر آ رہے ہیں اور ترکی کے خلاف عائد تمام تجارتی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں

725417
ایردوان۔پوٹن ملاقات،پابندیاں ختم تعلقات بحال

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے سوچی میں مہمان ترک صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں پوٹن نے کہا کہ ترکی کے ساتھ روس کے تعلقات اُس بحران کے بعد سے دوبارہ مکمل طور پر بحال ہو گئے ہیں جو 2015 میں ترکی  کی جانب سے شامی سرحد کے نزدیک ایک روسی جنگی طیارے کو مار گرائے جانے کے نتیجے میں پیدا ہوا تھا

۔ پوٹن نے کہا کہ تعلقات پھر سے معمول پر آ رہے ہیں اور ترکی کے خلاف عائد تمام تجارتی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ روسی صدر نے کہا کہ روس ترکی کے ساتھ مل کر ایک بلین ڈالر مالیت کا ایک مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کرے گا اور سیاحتی مقامات میں سکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے میں بھی ترکی کی مدد کرے گا۔

 مذاکرات سے پہلے پوٹن نے کہا تھا کہ اس ملاقات کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ صدر ایردوان نے سوچی روانگی سے پہلے کہا تھا کہ اس ملاقات میں روس کی جانب سے ترکی کے خلاف عائد اقتصادی پابندیاں ہٹانے اور ترک شہریوں کے لیے ویزے کی پابندی کے خاتمے پر بات ہو گی۔

صدر ایردوان کے مطابق دونوں ملک چاہتے ہیں کہ شام میں جاری خونریزی کا جلد از جلد خاتمہ کیا جائے۔

 واضح رہے کہ ان دونوں ممالک کی ثالثی کے نتیجے میں گزشتہ سال دسمبر میں فائر بندی عمل میں آئی تھی جس کی اکثر خلاف ورزی ہوتی رہتی ہے۔



متعللقہ خبریں