اللہ کی مدد سے ہم دہشت گردی پر اور دہشتگرد تنظیموں پر قابو پا کر رہیں گے: صدر رجب طیب ایردوان

جب بھی ترکی  مستقبل کی طرف کوئی مثبت قدم اٹھاتا ہے  دہشت گرد تنظیمیں حرکت میں آ جاتی ہیں اور اس مثبت قدم کا جواب  دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں خون، جان اور وحشت کی شکل میں سامنے آتا ہے: صدر رجب طیب ایردوان

627900
اللہ کی مدد سے ہم دہشت گردی پر اور دہشتگرد تنظیموں پر قابو پا کر رہیں گے: صدر رجب طیب ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول  کے علاقے  بیشک تاش میں دہشت گردی کے حملے سے متعلق پیش رفتوں پر لمحہ بہ لمحہ   نگاہ رکھی اور اس موضوع پر وزیر اعظم بن علی یلدرم سے بھی اور وزیر داخلہ سلیمان سوئے لُو سے بھی معلومات حاصل کیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم ملک اور ملت کی حیثیت سے دہشت گردی، دہشت گرد تنظیموں ، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والی طاقتوں پر قابو پاکر رہیں گے اور اس بارے میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

استنبول میں دہشت گردی کے حملے کے بعد جاری کردہ تحریری بیان میں انہوں نے کہا کہ جب بھی ترکی  مستقبل کی طرف کوئی مثبت قدم اٹھاتا ہے  دہشت گرد تنظیمیں حرکت میں آ جاتی ہیں اور اس مثبت قدم کا جواب  دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں خون، جان اور وحشت کی شکل میں سامنے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں متعدد دفعہ ایسے حملے کرنے والی دہشت گرد تنظیم کے نام اور اس کے کرتا دھرتا افراد کی کوئی اہمیت نہیں ہے، علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیمیں  PKK، داعش اور فیتو ایک ہی مقصد کے تحت ہمارے ملک و ملت پر حملے کر رہی ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ  ترکی جانتا ہے کہ  اس مذموم حملے کے بعد بھی اپنے زخموں پر خود ہی مرہم رکھے گا، اپنے سوگ کو  اپنے حقیقی دوستوں کے ساتھ خود  ہی منائے گا اور بے دلی سے جاری کئے ہوئے لفظی بیانات کے علاوہ اس کے ساتھ کوئی نہیں ہو گا   لیکن  کسی کو شبہ نہ رہے کہ  ترکی  دہشتگردی، دہشت گردوں ، دہشت گرد تنظیموں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں پر قابو پا کر  رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مصروف پیکار ترکی اور ترک ملت کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں اور دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کو ترجیح دینے والے ممالک  سے ہمیں اب کے بعد  بھی کوئی مختلف روّیہ اختیار کرنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حملوں نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے لئے ہمارے عزم میں  اضافہ کیا ہے اور ایک ایسی ملت کہ جو "مروں تو شہید اور بچ جاوں تو غازی "کے نقطہ نظر سے دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار ہے اسے اس راستے سے واپس پلٹانے کے لئے آج تک کوئی اسلحہ دریافت نہیں ہوا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے مزید کہا کہ ہم ان حملہ آوروں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے ۔بالکل اسی طرح جیسے ہم نے  علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم کے خلاف جدوجہد میں  اور  15 جولائی  کے حملے کے اقدام میں  شہید ہونے والوں کو اپنے دل میں دفن کیا ہے  استنبول بیشک تاش کے شہداء کو بھی اپنے دل میں دفن کریں گے اور ان کی یاد کو ہمیشہ  زندہ رکھیں گے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنے ہدف کی طرف بھی  پُر عزم شکل میں چلنا جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہزار سال سے اس زمین کو وطن بنانے کے لئے جو خون ہم بہا رہے ہیں اس میں تازہ خون کا اضافہ ہو گیا ہے اور اس ادراک کے ساتھ کہ  مزید خون کا اضافہ ہو گا ہم رُکے بغیر  اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ حکومت اور ملت  کی حیثیت سے ہم اس حملے کا سبب بننے والے قاتلوں کا ہرگز پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔



متعللقہ خبریں