فضائی آپریشنوں کے ساتھ روس کے جرائم کی فائل اور بھی بھاری ہو گئی ہے

ترکی کے خلاف  جھوٹے اور تہمت  آمیز  بیانات،  طیارے کے بحران کے بعد یعنی 24 نومبر سے لے کر اب تک روس کی  طرف سے ترکی کے خلاف جاری سیاہ پروپیگنڈہ  مہم کی ایک تازہ مثال ہیں: تانجو بلگچ

495943
فضائی آپریشنوں کے ساتھ روس کے جرائم کی فائل اور بھی بھاری ہو گئی ہے

ترکی نے کہا ہے کہ شہریوں کے خلاف  براہ راست جاری  فضائی آپریشنوں کے ساتھ روس کے جرائم کی فائل اور بھی بھاری ہو گئی ہے۔

وزارت خارجہ  کے ترجمان تانجو بِلگِچ  نے ، روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماریہ ظاہارووا کے ترکی  کی شام اور کریمیا پالیسیوں سے متعلق   دعووں کے بارے میں،  اناطولیہ خبر رساں ایجنسی  کے لئے بیانات جاری کئے ہیں۔

بلگچ نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں روسی وزارت خارجہ کے ترجمان  کے ترکی کے خلاف  جھوٹے اور تہمت  آمیز  بیانات،  طیارے کے بحران کے بعد یعنی 24 نومبر سے لے کر اب تک روس کی  طرف سے ترکی کے خلاف جاری سیاہ پروپیگنڈہ  مہم کی ایک تازہ مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ  بیانات  اس بات کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ    روس   شام میں کس قدر بے چارگی اور بے بسی کی  صورتحال کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شامی انتظامیہ  ملک میں ہسپتالوں، اسکولوں اور  مہاجر کیمپوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور کیمیائی اسلحے اور بیرل بموں سمیت ہر طرح کے اسلحے کو شہریوں کے خلاف استعمال کر رہی ہے، شہروں کا محاصرہ کر کے شہریوں کو بھوک اور پیاس  میں مبتلا کر کے انسانیت کے خلاف جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے اور   روس ان جرائم میں اس کا ساجھے دار ہے۔

بلگچ نے کہا کہ صرف یہی نہیں ان سب کے ساتھ ساتھ شہریوں کے خلاف براہ راست جاری فضائی آپریشنوں  سے روس اپنے جرائم کی فائل کو اور بھی بھاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ  دہشت گرد تنظیم  داعش کے ساتھ تعاون کرنے اور اس سے پیٹرول کی تجارت سمیت ہر طرح کا    گندا اشتراک کرنے والی شامی انتظامیہ  کے ساتھ بھی روس اتحاد و تعاون کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ان سب چیزوں کا حساب یقیناً عدالتی کاروائی کی شکل میں ایک نہ ایک دن ضرور دیا جائے گا۔

بلگچ نے کہا کہ روس کی طرف سے شام کے جنگ ذدہ علاقے میں کس طرح غیر ملکی جنگجووں  کو ارادی شکل میں داخل  کیا گیا ہے اس سے  متعلق غیر ملکی ذرائع  ابلاغ میں جگہ پانے والی خبروں کا بھی ہم عبرت سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔

بلگچ نے کہا کہ روسی ساختہ ایمونیشن کو  PKK ، YPG   داعش اور النصریٰ جیسی دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے کس قدر بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے اس پر بھی ہم بغور نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے ترکی کی کریمیا پالیسی کے بارے میں دعووں کے جواب میں تانجو بلگچ  نے کہا کہ روس ،حالیہ دنوں میں ہمسایہ ممالک یوکرائن اور جارجیا پر براہ راست  اور ہائیبرڈ  جنگی  تکنیک سے حملے کا مرتکب ہوا ہے  اور اپنی  اختیار کردہ غیر آئینی خارجہ پالیسیوں  کی وجہ سے پابندیوں  کی زد میں  ہے۔ علاوہ ازیں کریمیا کا غیر قانونی الحاق   روس  کا ایک ایسا فعل ہے جو  تاریخ میں ایک سیاہ دھبے کے طور پر رہے گا اور اس الحاق کو ترکی سمیت بین الاقوامی برادری کی طرف سے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں