پوٹن نے ترکی سے متعلق اقتصادی پابندیوں کے فیصلے پر دستخط کردئیے

ترک قوانین کے زیر اثر بعض اداروں اور تنظیموں کا روس میں کاروائیاں کرنا ممنوع، ترکی سے درآمد کی جانے والی بعض مصنوعات کی خرید عارضی طور پربند

394637
پوٹن نے ترکی سے متعلق اقتصادی پابندیوں کے فیصلے پر دستخط کردئیے

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے ترکی سے متعلق اقتصادی پابندیوں کے فیصلے پر دستخط کردئیے ہیں۔
کریملن سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ پوٹن کی طرف سے منظور کئے جانے والے فیصلے کے مطابق ترک قوانین کے زیر اثر بعض اداروں اور تنظیموں کا روس میں کاروائیاں کرنا ممنوع ہو گا اس کے علاوہ ترکی سے درآمد کی جانے والی بعض مصنوعات کی خرید عارضی طور پر روک دی جائے گی یا ممنوع قرار دے دی جائے گی۔
فیصلے کی رُو سے روس میں فعال کمپنیاں یکم جنوری 2016 سے ترک شہریوں کو ملازمت میں نہیں لے سکیں گی۔
بیان کے مطابق یہ پابندیاں اس وقت روس میں کام کرنے والے ترک شہریوں پر لاگو نہیں ہوتیں بلکہ صرف یکم جنوری 2016 کے بعد ملازمت میں لئے جانے والوں کا احاطہ کرتی ہیں۔
پوٹن نے پابندیوں کے پیکیج کے ذیل میں ترکی اور روس کے درمیان بغیر ویزے کے سیاحت کو یکم جنوری سے یک طرفہ طور پر معطل کرنے اور روس کے ٹوئر آپریٹروں کے لئے ترکی کے ٹوئرز کی فروخت ممنوع قرار دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اس کے علاوہ روس اور ترکی کے درمیان چارٹر پروازوں کو روکنے اور ترک ٹرانسپورٹ فرموں کی روس میں کاروائیوں کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ بحر اسود اور بحر روم میں روس کی سمندری حدود میں موجود ترک ٹرانسپورٹ بحری جہازوں کی مانیٹرنگ میں اضافہ کر دیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس میں رزیڈینس پرمٹ رکھنے والے ترک شہریوں اور روس میں قیام پذیر ترک سفارت کاروں اور ان کے کنبوں پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوتا۔
پابندیوں کے فیصلے کا مزید جن اشخاص اور اداروں پر اطلاق نہیں ہوتا ان کا آنے والے دنوں میں علیحدہ سے اعلان کیا جائے گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں