ترکی نے کسی سے اجازت طلب نہیں کی، آپریشن ‍ذاتی ارادے سے کیا ہے

کوئی ترک مسلح افواج کے ساتھ مذاق تک کرنے کی جرات نہ کرے، ترک مسلح افواج نے کل شام 21 فروری کو اپنی قابلیت پوری دنیا کو دکھا دی ہے: میولود چاوش اولو

228510
ترکی نے کسی سے اجازت طلب نہیں کی، آپریشن ‍ذاتی ارادے سے کیا ہے

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ شاہ فرات آپریشن سے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر دلچسپی لی گئی ہے۔
چاوش اولو نے آق پارٹی کے انطالیہ کے یوتھ ونگز ضلعی کانگریس میں شام کے شہر حلب کی سرحدوں میں واقع گاوں کھاراقوزاق میں سلیمان شاہ کے مزار سے فوجی انخلاء کے لئے کئے گئے فوجی آپریشن سے پہلے اور بعد کے واقعات کی تفصیلات بیان کیں۔
میولود چاوش اولو نے کہا کہ " ہم بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ گئے ہم نے اپنی امانت لی اور واپس لوٹ آئے ، ہم نے اس زمین کے تمام عناصر کو ضروری وارننگ دی تھی کہ ہم آج شام ، 21 فروری، رات 9 بجے دوبارہ جائیں گے اپنی امانتوں اور فوجیوں کو واپس لائیں گے کوئی ہمارے مقابل نہ آئے، خدا کا شکر ہے کہ ایسی کوئی جھڑپ نہیں ہوئی"۔
چاوش اولو نے اس آپریشن کے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر دلچسپی کا سبب بننے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ " ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے یہ کیسے کیا ہے ۔ ہم اس سے قبل بھی اپنے موصل کے قونصل خانے کے اہلکاروں کو 102 دن کے بعد کسی کا ایک قطرہ خون بہائے بغیر خفیہ ایجنسی MİT ،اس سے متعلقہ شعبوں اور حکومت سمیت آپریشن کر کے واپس لا چکے ہیں۔ اس وقت بھی انہوں نے حیرانی سے ہمیں پوچھا تھا کہ ہم نے یہ کیسے کیا ہے؟ ہماری بھی مدد کریں۔ اور اب بھی وہ یہی کہہ رہے ہیں"۔
آپریشن کے بارے میں حزب اختلاف کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے چاوش اولو نے کہا کہ ترکی نے وہاں کی زمین کو ترک نہیں کیا اور شام کے اندر سرحد سے 180 میٹر ہٹ کر اس کی نئی زمین موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے لئے بین الاقوامی تنظیموں سے ضروری خط و کتابت کی گئی ہے لیکن ترکی نے کسی سے اجازت طلب نہیں کی بلکہ ذاتی ارادے کے ساتھ آپریشن کیا ہے۔
انہوں نے شاہ فرات آپریشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ " کوئی ترک مسلح افواج کے ساتھ مذاق تک کرنے کی جرات نہ کرے، ترک مسلح افواج نے کل شام 21 فروری کو اپنی قابلیت پوری دنیا کو دکھا دی ہے۔
وزیر خارجہ چاوش اولو نے شاہ سلیمان پولیس چوکی کی منتقلی کے بعد امریکہ، ہالینڈ، برطانیہ، ڈنمارک اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹالٹن برگ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک مذاکرات کئے۔
مذاکرات میں چاوش اولو نے آپریشن سمیت رواں حالات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں