کیا آپ جانتے ہیں۔65

کیا آپ کو معلوم ہے کہ استنبول میں ایک ایسی مسجد ہے جس پر پرندے نہیں بیٹھتے؟

2069155
کیا آپ جانتے ہیں۔65

کیا آپ کو معلوم ہے کہ استنبول میں ایک ایسی مسجد ہے جس پر پرندے نہیں بیٹھتے؟

 

مسجد کا نام 'قوش قونماز مسجد' ہے یعنی ایسی مسجد جس پر پرندے نہیں بیٹھتے۔ استنبول کے علاقے اُسکودار میں واقع ' قوش قونماز مسجد'  عالمی شہرت کے حامل معمار سینان کے فّنِ تعمیر کا ایک شاہکار ہے۔ یہ مسجد اُسکودار کے ساحل  پر ایک ایسے مقام پر واقع ہے جہاں استنبول باسفورس بحیرہ مارمرا میں کھُلتا ہے۔ مسجد میں ایک تُربت اور ایک مدرسہ واقع ہے۔ سمندر کی طرف سے دیکھنے پر مسجد کی ظرافت مزید نکھر  کر سامنے آتی ہے۔ مسجد کے سامنے گالاٹا پُل اور خلیج  کا منظر ہے۔

 

مسجد کا چھوٹا سا اور نہایت سادہ  خیرات خانہ 1580 میں شمسی احمد پاشا نے تعمیر کروایا۔ یہ وہی شمسی احمد پاشا ہیں جو سلطان سلیم دوئم اور سلطان مراد سوئم کے ادوار میں عہدہ وزارت اعظمیٰ پر متمکّن رہے۔ خیرات خانے کے معمار بھی معمار سینان ہی ہیں۔ اُسکو دار ساحل کو مزّین کرنے والی یہ مسجد اپنی ظرافت اور سادہ حُسن کے ساتھ ساتھ ایک دلچسپ داستان کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہے۔

 

قّصہ کچھ یوں ہے کہ نہایت نفیس اور صفائی پسند طبیعت کا مالک  ہونے کی وجہ سے وزیر اعظم شمسی احمد پاشا نے  معمار سینان سے ایسی مسجد بنانے کی فرمائش کی جس پر پرندے نہ بیٹھیں اور  ان کی نجاست سے مسجد  گندی نہ ہو۔ ہر مسجد کو ایک الگ پلان کے ساتھ تعمیر کرنے کی وجہ سے مشہور معمار سینان  نے اس مسجد کے لئے بھی ایک منفرد پلان سوچا۔ مسجد کی تعمیر شروع کرنے سے قبل انہوں نے اس کے محلّ وقوع کے بارے میں تفصیلی تحقیق کی۔ وہ جانتے تھے کہ پرندے ہوا کے رُخ سے متاثر ہوتے ہیں لہٰذا  انہوں نے اُسکودار میں ایک ایسا مقام منتخب کیا جہاں شمال اور جنوب سے آنے والی ہوائیں ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں۔ اسی بادی ٹکراو کے مقام پر انہوں نے مسجد کی تعمیر شروع کر دی۔ سال بھر شمالی اور جنوبی ہواوں کے ایک دوسرے سے ٹکرا کر  ساحل پر بادی لہروں کا جھکڑ بنانے کی وجہ سے یہاں پرندوں کا اترنا اور اطمینان سے بیٹھنا ممکن نہیں تھا۔

 

مسجد 1580 میں عبادت کے لئے کھول دی گئی اور جیسے جیسے وقت گزرتا گیا عوام نے اسے 'قوش قونماز مسجد' کے نام سے پُکارانا شروع کر دیا۔ موجودہ دور میں یہ مسجد اُسکودار کی علامتوں اور استنبول کی تاریخی عمارتوں میں شمار ہوتی ہے۔ دورِ حاضر میں قوش قونماز   مسجد میں لوگ عبادت بھی کرتے ہیں اس    کے سامنے ماہی گیری  بھی کرتے ہیں اور مسجد کے کتب خانے میں بیٹھ کر مطالعہ بھی  کرتے ہیں۔ اپنے تعمیراتی حُسن اور محلّ وقوع کے ساتھ یہ مسجد استنبول کا ایک قابلِ دید مقام ہے۔



متعللقہ خبریں