قدم بہ قدم پاکستان - 05

آئیے! آج آپ کو خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم شادباغ لاہور لیے چلتے ہیں

900864
قدم بہ قدم  پاکستان - 05

السلام علیکم! آئیے! آج آپ کو خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم شادباغ لاہور لیے چلتے ہیں۔

حرمین شریفین کی زیارت ہر مسلمان کی تمنا اور آرزو ہوتی ہے۔ ہر سال لاکھوں مسلمان حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں لیکن کروڑوں مسلمان وہاں جانے کی حسرت دل میں لئے تڑپتے رہتے ہیں۔ ایسے مسلمان حرمین شریفین کی تصویر یا کوئی اور متبرک چیز دیکھ کر اپنے دل کو قرار اور تسکین پہنچاتے ہیں۔ شادباغ لاہور میں واقع ”خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم“ ایسے ہی مسلمانوں کے قلب و روح کو تسکین فراہم کرتا ہے۔ وہ دھڑکتے دلوں اور نم آنکھوں سے یہاں موجود متبرک اشیاءکی زیارت کرتے ہیں اور اس میوزیم کے بانی الحاج محمد حسین گوہر کو دعائیں دیتے ہیں۔

الحاج محمد حسین گوہر جالندھر میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ننکانہ صاحب منتقل ہو گیا۔ حاجی گوہر صاحب نے وہاں ایک خوبصورت مسجد بھی تعمیر کروائی ہے۔ سماجی خدمت کے کئی ادارے قائم کرنے کے علاوہ بہت سے اداروں کی سرپرستی بھی کرتے ہیں۔وہ مخلوق خدا کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ لاہور منتقل ہونے کے بعد انہوں نے بہت چھوٹے پیمانے پر اردو بازار لاہور میں کتابوں کے کاروبار کا آغاز کیا اور آج ان کا شمار نصابی کتب کے حوالے سے پاکستان کے بڑے پبلشرز میں ہوتا ہے۔ وہ کئی مرتبہ حج اور عمرے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ انہیں خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺکے اندر جانے کی سعادت بھی حاصل ہو چکی ہے۔ ایک مرتبہ وہ حج پر گئے تو مسجد نبوی ﷺکی مرمت کی وجہ سے وہاں سے اترنے والے کچھ پتھر‘ مٹی‘ خانہ کعبہ کے صحن کی مٹی‘ غار حرا اور غار ثور کے پتھر وہاں سے لے آئے کہ ان کو دیکھ کر حرمین شریفین کی یادیں تازہ کیا کریں گے۔ یہ متبرک اشیاءانہوں نے اپنے گھر کے مہمان خانے میں شیشے کے خوبصورت بکسوں میں سجا کر رکھ لیں۔ ان کے گھر آنے والے مہمان ان اشیاءکو محبت و عقیدت سے دیکھتے اور ایمان کی تازگی محسوس کرتے اور دعا کرتے کہ انہیں بھی حرمین شریفین جانے کی سعادت حاصل ہو۔ ان اشیاءکو دیکھنے والوں کے دلوں میں حج اور عمرہ کرنے کی خواہش زور پکڑ جاتی۔

یہ دیکھ کر حاجی محمد حسین گوہر نے دعا مانگی کہ یا اللہ! ہمیں پھر اپنے گھر بلا لے تاکہ مزید کچھ چیزیں لا سکیں۔ ان کی دعا پوری ہوئی اور کئی مرتبہ ان کو حج اور عمرے کی سعادت حاصل ہوئی اور ہر بار وہ اپنے ہمراہ کچھ چیزیں لاتے رہے۔ اس طرح ان کے پاس بہت سی اشیاءجمع ہو گئیں اور لوگ وہ دیکھنے کے لئے آنے لگے۔ جب اخبارات کے ذریعے لوگوں کو ان متبرک اشیاءکے بارے میں پتہ چلنا شروع ہوا تو زیارت کے لئے آنے والے لوگوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی۔ حاجی گوہر صاحب نے اس کے لئے جستجو بھی شروع کر دی۔ جب ان کو پتہ چلتا کہ کسی کے پاس کوئی متبرک شے ہے تو وہ اس سے رابطہ کرتے۔ اس کے لئے انہوں نے کئی ملکوں کا سفر بھی کیا۔ جو لوگ ملازمت کے لئے سعودی عرب گئے ہوئے تھے ان سے رابطے کئے۔ طائف سے انہیں وہ چادر مبارک مل گئی جو آپ ﷺنے دائی حلیمہ سعدیہ کو عنایت فرمائی تھی۔ اس کا ذکر بھی اخبارات میں ہوا تو انہیں عراق سے ایک خط موصول ہوا۔ جس میں لکھا تھا کہ یہاں ایک مقامی دوست کا گھر تباہ ہو گیا ہے۔ اس کے پاس موئے مبارک یعنی حضورﷺ کا بال مبارک تھا جو محفوظ رہا۔ وہ چاہتا ہے کہ یہ اس کو دوں جو اس کو سنبھال کر ادب سے رکھ سکے۔ ہم نے اخبار میں آپ کے میوزیم کے بارے میں پڑھا ہے۔ آپ چاہیں تو یہ آکر لے جائیں۔

حاجی محمد حسین گوہر نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ جنگ کی وجہ سے ویزہ نہیں ملے گا میرا آنا مشکل ہے۔ وہاں سے کسی پاکستانی کے ہاتھ بھجوا دیں۔ میں اس کو پاکستان آنے اور واپس جانے کا خرچہ بھی دے دوں گا وہ اپنے گھر والوں سے بھی مل لے گا۔ اس طرح وہ موئے مبارک ان کے میوزیم کی زینت بن گیا۔ حاجی گوہر صاحب اپنا پبلشنگ کا کاروبار اپنے بیٹوں ابو ذر غفاری‘ الطاف حسین اور کاشف گوہر کے حوالے کرکے اب عبادت‘ میوزیم کی نگرانی‘ سماجی خدمت اور تصنیف و تالیف میں مصروف رہتے ہیں۔ ان کے صاحبزادے بھی ان کا مکمل ساتھ دیتے ہیں۔ مختلف موضوعات پر ان کی 55 کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ 235 شادباغ لاہور میں واقع خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم حاجی صاحب کی علالت کی وجہ سے اب صرف اتوار کو کھلتا ہے۔ حاجی صاحب خود متبرک اشیاءکی زیارت کرواتے ہیں۔ لوگ درود و سلام پڑھتے ہوئے بلامعاوضہ متبرک اشیاءکی زیارت کرتے ہیں اور حاجی گوہر صاحب کو دعائیں دیتے ہیں۔

خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم میں تقریباً پانچ سو متبرک اشیاءموجود ہیں جنہیں نہایت خوبصورتی اور نفاست سے شیشے کے بکسوں میں رکھا گیا ہے۔

ان میں سے نمایاں متبرک اشیاءیہ ہیں۔

٭.... موئے مبارک یعنی سرکار دوعالم ﷺکا بال مبارک

٭.... رسول پاک ﷺسے منسوب عصا مبارک، نعلین مبارک‘ چادر مبارک‘ رومال مبارک‘ عمامہ شریف‘ ناخن مبارک‘ پانی کا برتن‘ کھانے کا برتن ان کے علاوہ

٭.... حضرت خدیجہؓ کا زیور مبارک

٭.... حضرت میمونہؓ کی پلیٹ

٭.... حضرت فاطمہؓ کی چادر مبارک

٭.... حضرت ابوبکر صدیقؓ کا خنجر

٭.... حضرت عمر فاروقؓ کا پیالہ

٭.... حضرت علیؓ کے کھانے کا برتن

٭.... حضرت بلالؓ کی کلہاڑی

٭.... حضرت اویس قرنیؓ کا چاقو اور مشک

٭.... حضرت امام حسینؓ کا خنجر اور پیالہ

٭.... حضرت امام حسینؓ اور حضرت امام زین العابدین کے عصائے مبارک

٭.... حضرت عبدالمطلب کے کھانے کا برتن

٭.... حضرت امام جعفرؓ کا خنجر

٭.... سلطان صلاح الدین ایوبی اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ اور کے نعلین۔

ان کے علاوہ حرمین شریفین سے متعلق بہت سی اشیاءروح قلب کی تسکین کے لئے موجود ہیں۔

آپ کو کبھی لاہور آنے کا موقع ملے تو شمالی لاہور کے علاقے شادباغ میں واقع خوشبوئے حرمین شریفین اسلامی میوزیم ضرور جائیں۔ یہاں موجود متبرک اشیاءکی زیارت کا خوشگوار احساس آپ کو تا عمر معطر رکھے گا۔

آئندہ ہفتے آپ کو کسی اور خوبصورت مقام کی سیر کروائیں گے تب تک کے لیے اپنے میزبان محمد شعیب کو اجازت دیجئے۔ اللہ حافظ۔

 



متعللقہ خبریں