چین اور امریکہ آمادہ،اگلے ماہ مذاکرات ہونگے

گزشتہ روز  جاری بیان کے مطابق ،چین کے نائب وزیراعظم لیو ہی اور امریکی تجارتی نمائندے رابٹ لائٹائزر اور امریکی مشیر خزانہ اسٹیون منچین کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں تجارتی مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا

1264028
چین اور امریکہ  آمادہ،اگلے ماہ مذاکرات ہونگے

چین اور امریکہ نے اکتوبر کے اوائل میں اعلیٰ سطح کے تجارتی مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے باعث عالمی معاشی بحران کا سبب بننے کا خدشہ تھا۔

چین کی وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر گزشتہ روز  جاری بیان کے مطابق ،چین کے نائب وزیراعظم لیو ہی اور امریکی تجارتی نمائندے رابٹ لائٹائزر اور امریکی مشیر خزانہ اسٹیون منچین کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں تجارتی مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس گفتگو میں چین کے مرکزی بینک کے گورنر یی گینگ بھی شامل تھے۔

بیان  میں کہا گیا ہے کہ  دونوں ممالک کے تجارتی  وفود  اگلے ماہ  اعلیٰ سطحی  مذاکرات سے قبل ستمبر کے وسط میں بات چیت کریں گی۔

یاد رہے کہ واشنگٹن نے یکم ستمبر سے چینی درآمدات پر 15 فیصد محصولات عائد کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ چین نے بھی امریکی خام تیل پر نئی ڈیوٹی لگانا شروع کردی ہے۔

امریکہ کی طرف سے چینی درآمدات پر 15 فیصد محصولات عائد کرنے پر چین عالمی تجارتی تنظیم میں بھی شکایت درج کرا چکا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ  منگل کو ایک ٹوئٹ میں چین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ  امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ جلد کرلے اگر اُنہیں دوبارہ اقتدار ملا تو اپنے اگلے دور حکومت میں وہ چین کے لیے شرائط مزید سخت کریں گے۔

 

 



متعللقہ خبریں