دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد دہشت گرد تھے:پشاور پولیس

پشاور پولیس نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ، دھماکہ خودکش نہیں تھا، بارودی مواد کی منتقلی کے دوران دھماکہ ہوا اور اسے منتقل کرنے والے 2 افراد ہلاک اور 1 زخمی ہوا

2113251
دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد دہشت گرد تھے:پشاور پولیس

پشاور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد دہشت گرد تھے، واقعے میں 1 شخص شدید زخمی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق، زخمی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا  کو  بتایا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ، دھماکہ خودکش نہیں تھا، بارودی مواد کی منتقلی کے دوران دھماکہ ہوا اور اسے منتقل کرنے والے 2 افراد ہلاک اور 1 زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق، واقعے میں کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا، ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشتگرد ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  ہلاک اور زخمی دہشتگردوں کا تعلق پشاور سے ہے، یہ دہشتگرد سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، دہشتگردوں سے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین خان گنڈاپور نے دھماکے کی مذمت کی ہے اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔



متعللقہ خبریں