الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 264 نشستوں کے غیر حتمی نتائج جاری کر دیے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اب تک قومی اسمبلی کی 266 میں سے 264 نشستوں کا غیر حتمی نتیجہ جاری کیا ہے جس کے مطابق کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 101 ہے

2100755
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 264 نشستوں کے غیر حتمی نتائج جاری کر دیے

پاکستان کے عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج میں اب تک یہ سامنے آیا ہے کہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد ایسے آزاد ارکان کی ہے جنہیں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جماعت تحریکِ انصاف کی حمایت حاصل تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اب تک قومی اسمبلی کی 266 میں سے 264 نشستوں کا غیر حتمی نتیجہ جاری کیا ہے جس کے مطابق کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 101 ہے جب کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ (ن) 75 اور پاکستان پیپلز پارٹی 54 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

قومی اسمبلی کی عام نشستوں میں سے این اے آٹھ باجوڑ کا انتخاب ملتوی ہو گیا تھا اور این اے 88 کا غیر حتمی نتیجہ روک لیا گیا ہے۔

متعدد حلقوں میں غیر حتمی نتائج کو چیلینج کیا گیا ہے۔ تاہم مقامی میڈیا کے مطابق اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں میں سے 93 یا 94 تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ ہیں۔

خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو واضح برتری حاصل ہے جب کہ پنجاب میں کامیاب ہونے والے 138 آزاد ارکان کی اکثریت بھی پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ہے۔

پی ٹی آئی کو یہ انتخابی کامیابی ایسے وقت میں ملی ہے جب پارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان گزشتہ کئی ماہ سے جیل میں ہیں اور ان پر چلنے والے متعدد مقدمات میں سے تین میں انہیں اور ان کی اہلیہ کو سزائیں بھی ہوچکی ہیں۔

جماعت کی دیگر قیادت اور کارکنان کو نو مئی 2023 کے بعد کریک ڈاؤں کا سامنا ہے جسے مبینہ طور پر پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے کئی سینئر رہنما مبینہ ریاستی دباؤ میں پارٹی سے راہیں الگ کرچکے تھے اور پارٹی انتخابی نشان سے بھی محروم ہو چکی تھی۔



متعللقہ خبریں