وزیراعظم شہباز شریف کا قانون اور آئین کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور
منگل کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے انصاف پر مبنی معاشرہ ناگزیر ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے اجتماعی دانشمندی اور کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
منگل کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے انصاف پر مبنی معاشرہ ناگزیر ہے۔انہوں نے ایوان پر زور دیا کہ وہ ملک کو آئینی اور سیاسی بحران سے محفوظ بنانے میں اپنا آئینی کردار ادا کرے۔
وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین پرتشدد ہتھکنڈوں سے عدلیہ کو بلیک میل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین آئین اور قانون کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور نہ ہی عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کو فسطائیت کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر قومی مفاد پر سمجھوتہ کیا اور دوست ممالک کو مورد الزام ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ ہم آئینی طریقے سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے سے اقتدار میں آئے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملہ آور ہیں جبکہ وہ ان سے قانون اور آئین کے مطابق نمٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا حالیہ فیصلہ ملک میں دہشت گردی کی لہر کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ مسلح افواج کے خلاف ناپاک مہم کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
متعللقہ خبریں

آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیاجائے گا: وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے یہ بات منگل کے روز لاہور میں بجٹ تجاویز سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی