حکومت عام انتخابات کےبروقت انعقاد کے لئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گی: شہبازشریف

بدھ کو سی پی این ای کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو آج معاشی اور سیاسی اعتبار سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے

1960372
حکومت عام انتخابات کےبروقت انعقاد کے لئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گی: شہبازشریف

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گی، مردم شماری کا عمل وقت ضائع کئے بغیر مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، آئی ایم ایف سے گزشتہ حکومت نے آئینی اور جمہوری طریقہ سے اپنی حکومت کا خاتمہ ہوتے دیکھ کر انحراف کیا،ہم نے اس معاہدے کی پاسداری کی ہے اور توقع ہے کہ یہ معاہدہ جلد ہوگا،مردم شماری کا فیصلہ گذشتہ دور حکومت میں ہوا ہم اس پر عمل پیرا ہیں، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے پارٹی رہنمائوں کو کاغذات جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، ہم پوری قوت اور تیاری سے انتخابات میں حصہ لیں گے، ان دونوں صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے خدشات اور تحفظات کا حل الیکشن کمیشن نے نکالنا ہے ۔

بدھ کو سی پی این ای کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو آج معاشی اور سیاسی اعتبار سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، اتحادی حکومت کے حوالہ سے زیادہ بات نہیں کروں گا کہ وہ خود نمائی لگے لیکن معیشت کوسنبھالا دینے اور ملک کو آگے بڑھانے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، ہماری حکومت کو 11 ماہ ہو چکے ہیں، معاشی اعتبار سے گزشتہ دورہ حکومت سے چلے آ رہے پاکستان دیوالیہ پن کے خوف سے نکل چکا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ میں ایسی شرائط تسلیم کرنی پڑ رہی ہیں جس کا عام آدمی پر بوجھ پڑنا ہے،

آئی ایم ایف سے گزشتہ حکومت نے معاہدہ کیا اور جب جنوری،فروری میں انہیں علم ہوا کہ اس کے خلاف آئینی اور قانونی طریقے سے انہیں ہٹایا جارہا ہے تو اپنے ہی معاہدہ سے انحراف کیا،یہ کوئی نجی معاہدہ نہیں تھا بلکہ پاکستان کی ریاست کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تھا، اس انحراف کا جو نقصان ہوا وہ سب کے سامنے ہے اور اب ایسی شرائط جو گزشتہ حکومت نے مانی تھیں اب آئی ایم ایف نے کہاکہ ان پر من وعن عمل کریں گے اور اس کے باقاعدہ جائزہ لینے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بات ماننی پڑی ہے اب ہمیں امید ہے کہ سٹاف لیول پر معاہدہ جلدہوجائے گا اور پھروہ بورڈکے پاس جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری 11 ماہ کی اتحادی حکومت ہے ،یہ تاثر تھا کہ یہ اتحادی حکومت شہباز شریف نہیں چلا سکیں گے لیکن تمام اتحادیوں کے مثبت کردار کی وجہ سے یہ حکومت قائم ودائم ہے اور تاریخ میں پہلی اتحادی حکومت ان حالات میں یک جان دوقالب ہے اور آگےبڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں فیصلے کئے،کفایت شعاری پر اجتماعی دانش سے فیصلہ کیاگیاجس پر فوری کابینہ کمیٹی بنائی گئی جس کے تین اجلاس ہوچکے ہیں اس پر بہت پیشرفت ہے ،آئندہ ہفتہ اس کا اجلاس میں خود چیئر کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے ان تجاویز پر عمل کرے گا۔تمام کابینہ ممبران بھی اس میں ساتھ دیں گے۔



متعللقہ خبریں