ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کا شدید رد عمل

بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی

1939008
ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کا شدید رد عمل

دفتر خارجہ  پاکستان کے ترجمان کا کہنا  ہے کہ سویڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بیہودہ اور جارحانہ فعل کی  پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کی بےحرمتی ایک اسلاموفوبک حرکت  ہے، جو کہ  مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیےآزادی  اظہار کے حق کا کھلم کھلا استحصال ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے جس کے پیچھے نفرت پھیلانے والے  روپوش ہوتے  ہیں، اس وقت دنیا کو پرامن بقائے باہمی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ضرورت ہے ۔

ترجمان  نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی، پاکستان اپنے اس موقف کا اعادہ کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے ، قومی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان نسل پرستانہ اور اسلام  دشمن  کاروائیوں کا سد باب کرے۔

پاکستان کے تحفظات  سے ڈینش حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے، ہم ڈنمارک سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے،  اور  ان نفرت انگیز اور اسلاموفوبک حرکات  کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔



متعللقہ خبریں