کم شرح پر پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینگے، چین کی تصدیق

دفتر خارجہ میں چین میں پاکستانی سفیر کے توسط سے موصول ہونے والی سفارتی رابطہ کاری میں پاکستانی حکومت کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چائنیز حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو وسیع اور مضبوط کرنا چاہتی ہے

1841848
کم شرح پر پاکستان کو 2 ارب ڈالر دینگے، چین کی تصدیق

کم شرح پر دو ارب ڈالرز کے قرضے کی پیشکش کرتے ہوئے چین نے تازہ ترین رابطے میں پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مشکل وقت میں پہلے سے زیادہ عزم اور سرگرمی کے ساتھ پاکستان کا ساتھ دے گا۔ 

 دفتر خارجہ میں چین میں پاکستانی سفیر کے توسط سے موصول ہونے والی سفارتی رابطہ کاری میں پاکستانی حکومت کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چائنیز حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو وسیع اور مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ 

کہا جاتا ہے کہ چائنیز قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ سرگرمی اور پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ موجودہ وزیراعظم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ 

پاکستان کو اس کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چین نے دو ارب ڈالرز کا قرضہ دینے کی تصدیق کی ہے جو کم شرح پر دیا جائے گا اور یہ شرح اس شرح سے بھی کم ہوگی جس پر چین نے اپنے دیگر قریبی دوست ممالک کو قرضہ جات دیے ہیں۔ 

سفارتی رابطہ کاری کے مطابق، چائنیز قیادت شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ مطمئن ہے کیونکہ انہیں شہباز شریف کے ساتھ اس وقت بھی کام کرنے میں اطمینان حاصل تھا جب وہ وزیراعلیٰ تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو اس وقت ان کی گورننس کو دیکھ کر ہی چائنیز حکومت نے ’’شہباز اسپیڈ‘‘ کی اصطلاح متعارف کرائی تھی۔ 

توقع ہے کہ حکومت جلد ہی عمران خان کی دی ہوئی سبسڈی ختم کرنے کیلئے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے گی۔ توقع ہے کہ اس مشکل فیصلے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 27؍ اور 55؍ روپے کا مزید اضافہ ہوگا اور سبسڈی مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔

یہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مکمل کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہوگا اور یہ قدم پاکستان کو 30؍ جون سے قبل اٹھانا ہے۔



متعللقہ خبریں