حکومت ملکی تاریخ میں بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی: وزیراعظم عمران خان

انہوں نے اتوار کے روزحافظ آباد میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف، انسانیت اور خودانحصاری ریاست کے بنیادی اصول ہیں

1794701
حکومت  ملکی تاریخ میں بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی پانچ سال کی مدت پوری ہونے سے قبل ملک کی تاریخ میں بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی۔

انہوں نے اتوار کے روزحافظ آباد میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف، انسانیت اور خودانحصاری ریاست کے بنیادی اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی ترقی کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تحقیق کے ذریعے قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اتھارٹی قائم کی گئی ہے تاکہ ہمارے بچوں کو سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے نظریات سے انحراف کرتی ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کے تصور کے تحت قیام پاکستان کا مقصد سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنا تھا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ پوری قوم کوپچیس برس سے بدعنوان افراد کا احتساب کرنے اور متحد ہونے کا پرچار کر رہے ہیں

انہوں نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ واحد قومی سلیبس متعارف کرایا گیا ہے تاکہ تمام بچوں کو یکساں نصاب کے ذریعے تعلیم دی جا سکے۔عمران خان نے کہا کہ دینی مدارس میں بھی اس سلیبس کو رائج کیا جا رہا ہے اور مدارس کے طلباء کو انگریزی کی تعلیم بھی دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ طلبہ میں شفاف نظام کے ذریعے وظائف تقسیم کئے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کے تصور کے تحت عوام کو صحت کارڈز دئیے گئے ہیں جس کے ذریعے وہ اعلی معیار کے سرکاری اورپرائیویٹ ہسپتالوں سے دس لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ پناہ گاہ منصوبے کے تحت بے گھر افرا اور محنت کشوں کو پناہ فراہم کی گئی ہے اوراس منصوبے کو ملک کے تمام حصوں تک توسیع دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ کامیاب پاکستان منصوبے کے تحت بیس لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں اورنیا پاکستان ہائوسنگ منصوبوں کے تحت مکانات تعمیرکئے جارہے ہیں جن کیلئے مختلف بنک ساٹھ ارب روپے تک کے قرضے فراہم کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان دنیا کے ہرملک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے تاہم ہم اپنے قومی مفادات پرکبھی سمجھوتہ نہیں کریںگے۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کے سفیروں نے یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف بیان دینے کیلئے مراسلہ تحریر کیا ہے جوکہ سفارتی اقدار اور ہماری قومی خودمختاری کے خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کے لیڈروں نے اس کے خلاف آواز اٹھانے پر ان پر اعتراض کیا ہے ۔عمران خان نے کہاکہ اپنے ملک کو بچانا ان کی ذمہ داری ہے تاہم وہ کسی ایسی خارجہ پالیسی کی اجازت نہیں دیںگے جس سے ہمارے قومی مفادات کو نقصان پہنچے۔وزیراعظم نے کہاکہ تمام چوراکٹھے ہورہے ہیں کیونکہ انھیں احتساب کا خوف ہے انہوں نے کہاکہ لوٹی ہوئی دولت سے ضمیر خریدے جارہے ہیں۔

 

 

 



متعللقہ خبریں