پشاور میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 45 نمازی شہید ، 65زخمی

ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

1789822
پشاور میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 45 نمازی شہید ، 65زخمی

پشاور کے  قصہ خوانی بازار کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 45 نمازی شہید جبکہ 65 زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 65 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیا ہے کہ دو نامعلوم حملہ آوروں نے جامع مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 1 پولیس اہل کار شہید، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا،پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکا ہوا ہے۔

دھماکے سے متاثرہ مسجد کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، ایک دہشت گرد مسجد میں داخل ہوا جس نے کارروائی کی۔

وزیرِ اعظم عمران خان  نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

 

 

 

 



متعللقہ خبریں