پاکستان نے بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسزپر باضابطہ مدد کی پیشکش کر دی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر ہمسایہ ملک کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں

1627720
پاکستان نے بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسزپر باضابطہ مدد کی پیشکش کر دی

پاکستان نے کورونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر بھارت کو امداد کی پیشکش کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر ہمسایہ ملک کو جذبہ خیر سگالی کے تحت مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ملک کو وینٹی لیٹر، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین، پی پی ای اور دیگر متعلقہ اشیاء دینے کے لیے تیار ہیں۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم سب پہلے انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھاکہ پاکستان نے خیرسگالی کی بنیاد پربھارت کومدد کی پیش کش کی ہے۔ وہاں سے بڑی تشویش ناک خبریں سامنے آرہی تھیں، وزیراعظم کی اجازت کے بعد بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمدد کی پیشکش کی گئی۔

شاہ محمود کا کہنا تھاکہ دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بلایا گیا، بھارتی ہائی کمشنرکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی گئی اور ان کو کہا کہ اپنی حکومت سے پوچھ کرہماری پیشکش پرجواب دیں۔

ان کا کہنا تھاکہ وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین اور ماسک سمیت جوہوپایا وہ بھارت کوفراہم کریں گے، اگربھارت کامثبت جواب آیا توبراستہ واہگہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کو مدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے تحت کی گئی ہے، پاکستان نے بھارت کو ریلیف سپورٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وبا میں بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی عوام کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا کررہے ہیں، بھارت کےعوام سے اس مشکل وقت میں اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیامیں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، انسانیت کو بچانے کے لیے عالمی وبا سے مل کر لڑنا ہوگا۔

اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے تناظر میں بھارت سےاظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وبا کے دوران بھارت کے عوام سے حمایت کااظہارکرتے ہیں، وبانےہمارےخطے کو سخت نقصان پہنچا ہے، پاکستانی عوام کی طرف سےبھارتی متاثرہ خاندانوں سےہمدردی کااظہارکرتاہوں۔



متعللقہ خبریں