سینیٹ انتخابات میں بدعنوانی جمہوریت کے فروغ کیلئے تباہ کن ہے: وزیراعظم عمران خان

بدھ کے روز ضلع راولپنڈی کی تحصیل کلرسیداں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں بدعنوانی جمہوریت کے فروغ کیلئے تباہ کن ہے

1581516
سینیٹ انتخابات میں بدعنوانی جمہوریت کے فروغ کیلئے تباہ کن ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ارکان کی خرید و فروخت جمہوریت کی نفی ہے اور یہ عمل سیاستدانوں کی ساکھ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
بدھ کے روز ضلع راولپنڈی کی تحصیل کلرسیداں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں بدعنوانی جمہوریت کے فروغ کیلئے تباہ کن ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک بڑا سوال یہ ہے کہ کیا سینٹ کے انتخابات میں عرصے سے رائج بدعنوانی کا نظام جاری رکھا جائے یا اسے شفاف بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سینٹ کے گزشتہ انتخابات میں پیسہ لے کر ووٹ دینے والے صوبائی اسمبلی کے بیس ارکان کو پارٹی سے نکالا اور ان میں سے بعض اس اقدام کیخلاف عدالت چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد اپنی بدعنوانی اور ناجائز ذرائع سے حاصل کئے گئے پیسے کے تحفظ کے لئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت سینٹ کے ایک ووٹ کیلئے قیمت طے کر دی گئی ہے جو افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر بعد میں قومی خزانے سے اپنا نقصان پورا کرینگے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے اوپن بیلٹ کیلئے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے اور اوپن بیلٹ پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم انہوں نے اپنی کرپشن کے تحفظ کیلئے سوچ تبدیل کر لی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے فائدے اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
ملک کی معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں روپے کی قدر میں تقریباً پچیس فیصد کمی ہوئی جبکہ تحریک انصاف کے دور میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر چوبیس اعشاریہ پانچ فیصد تک کم ہوئی۔
انہوں نے امیدظاہر کی کہ برآمدات میں مسلسل اضافے کے رجحان سے صورتحال بہتر ہو گی۔



متعللقہ خبریں