پاکستان کا منفرد جغرافیائی محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہترین ہے: حفیظ شیخ

وزیر اعظم کے مشیر نے کمپنی کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین جغرائی محل وقوع کا حامل ملک ہے اور اس کا منفرد محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اسے بہترین استعداد کا حامل ملک بناتا ہے

1486808
پاکستان کا منفرد جغرافیائی محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہترین ہے: حفیظ شیخ

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا منفرد جغرافیائی محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اسے بہترین استعداد کا حامل ملک بناتا ہے۔ یہ بات انہوں نے آسٹریلیا کے فورٹسکیو میٹل گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین اینڈریو فارسٹ کی قیادت میں گروپ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اینڈریو فارسٹ نے پاکستان اور آسٹریلین کمپنی کے درمیان تجارتی امکانات کے جائزہ کے لئے ملاقات پر وزیر اعظم کے مشیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کا قیام 2003ء میں عمل میں لایا گیا۔ کمپنی نے آئرن اور کان کنی کے شعبہ میں نمایاں کام کیا ہے۔ کمپنی کا شمار فولاد تیار کرنے والی دنیا کی بڑی کپنیوں میں ہو تا ہے جس کے پیداواری اخراجا ت بھی کم ہیں اور پیداوار کا عمل محفوظ طریقے سے انجام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کمپنی اس وقت چین، جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، ایکواڈور، کولمبیا ، چلی، پیرو، پرتگال اور قزاقستان میں کام کررہی ہے۔ اس وقت کمپنی سالانہ 170 ملین ٹن آئرن اور کی شپنگ کر رہی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کمپنی کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین جغرائی محل وقوع کا حامل ملک ہے اور اس کا منفرد محل وقوع غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اسے بہترین استعداد کا حامل ملک بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کوئلے کے وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں جست اور سونے کے ذخائر بھی موجود ہیں۔ پاکستان شمسی پیداوار کے حوالے سے بھی بہترین مقامات رکھتا ہے ۔اس کے علاوہ پانی سے 80 ہزار میگاواٹ بجلی کی استعداد موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار میں آسانیوں کے حوالے سے عالمی بینک کی رینکنگ میں پیشرفت کی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے قانون سے پاکستان میں توانائی ، بنیادی ڈھانچہ، انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، ایپرل، سرجیکل آلات، چمڑے اور فٹ ویئر سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام شعبے تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے دنیا کو بہترین مواقع فراہم کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کمپنی کو وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کی جانب سے پاکستان میں کاروبار کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ کمپنی کی جانب سے پاکستان میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے سے ملک کی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی۔



متعللقہ خبریں