عوام کی صحت وزیر اعظم عمران خان پہلی ترجیح ہے: فردوس عاشق اعوان

پیر کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا صحت کے لیے بجٹ میں اضافہ اس اہم شعبہ کی مضبوطی کیلئے ہماری سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشوں کا آئینہ دار ہے

1388190
عوام کی صحت وزیر اعظم عمران خان پہلی ترجیح ہے: فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شعبہ صحت کی ترقی کیلئے اقدامات حقیقی قومی خدمت ہیں۔حقائق بیان کرنے پر اپوزیشن سیخ پا ہوجاتی ہے، اعدادوشمار تصدیق کر رہے ہیں کہ شعبہ صحت کی ترقی ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں نہیں تھی۔صرف ناموں کی تختیاں لگائی گئیں، پاکستان کے عوام کی صحت وزیر اعظم عمران خان پہلی ترجیح ہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا صحت کے لیے بجٹ میں اضافہ اس اہم شعبہ کی مضبوطی کیلئے ہماری سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشوں کا آئینہ دار ہے،کرونا کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔قومی کوششوں کو تقویت دیتے ہوئے ان شاءاللہ اس پر قابو پائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ و راشن غریب اور مستحق افراد کے گھر پہنچانے کیلئے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کا انتخاب کیا وہیں مخیر حضرات کی خدمات کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ جذبوں اور وسائل کا حسین امتزاج ہوگا۔ نوجوان ملک میں تبدیلی کا ہراول دستہ بنے تو مخیر حضرات نے ہمیشہ عوام کی فلاح کیلئے اپنا دل کھول کر رکھ دیا ہے، کور کمیٹی اجلاس میں ایک ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا جہاں مخیر حضرات اور خیراتی ادارے رجسٹر ہوں گے تاکہ عوامی فلاحی کاوشوں کو ہم آہنگ کر کے نچلے طبقے تک راشن اور اشیاء خوردونوش کی تقسیم بروقت اور منصفانہ انداز سے پہنچائی جاسکے۔



متعللقہ خبریں