مشکل کی اس گھڑی میں چین کے تعاون کے مشکور ہیں: ڈاکٹر ظفرمرزا

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت صحت کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے

1387364
مشکل کی اس گھڑی میں چین کے تعاون کے مشکور ہیں:  ڈاکٹر ظفرمرزا

زیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں چین کے تعاون کے مشکور ہیں جس نے ضروری طبی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اپنے تجربات ہم سے شیئر کئے، پاکستانی شہریوں کے لئے چین کی امداد کو سراہتے ہیں، چینی ڈاکٹروں کی آمد اہم ہے کیونکہ پاکستان ابھی کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے طبی عملے کی تربیت کا آغاز کر رہا ہے۔

 اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت صحت کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، امید ہے کہ پاکستان کے طبی ماہرین چینی ڈاکٹرز سے وباء کو روکنے کیلئے ان کے تجربات سے سیکھیں گے۔

 ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کا شکار مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے، دنیا نے بھی چین سے وباء کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وائرس کا شکار ایک بھی مریض چین سے نہیں آیا جو کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ چینی حکومت نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے جس طرح سے مناسب وقت پر موثراقدامات اٹھائے پاکستان اس سے بہت متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وباء کے خلاف مشترکہ لڑائی سے دونوں ممالک کے مابین روایتی دوستی اور باہمی اعتماد کو مزید وسعت ملے گی۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس وباء کے بعد پاکستان اور چین کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔



متعللقہ خبریں