اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ شہید

طیارہ مشہور چاندتارا چوک  کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان اسپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے

1376152
اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ،  پائلٹ شہید

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ جبکہ طیارے میں موجود پائلٹ بھی شہید ہو گیا۔

 طیارہ مشہور چاندتارا چوک  کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان اسپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران  شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی حادثے میں شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شکر پڑیاں کے قریب گرنے والے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو حادثے کی وجوہات کا پتہ چلائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے دوران پرواز گر کر تباہ ہو گئے تھے۔ 12 فروری کو خیبر پختونخوا کے علاقے تخت بائی مردان کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔

اس سے قبل 7 فروری کو صوبہ پنجاب کے علاقے شورکوٹ کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ محفوظ رہا تھا جبکہ جنوری میں بھی پاک فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے،  ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔



متعللقہ خبریں