بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے: گوٹریش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریش کا کہنا ہے کہ  بھارتی زیر کنٹرول کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے

1360589
بھارت  کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے: گوٹریش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریش کا کہنا ہے کہ  بھارتی زیر کنٹرول کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے۔

خبر کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریش سے اسلام آباد میں مہاجرین کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین شامل تھے، مہاجرین کے نمائندوں نے دوران ِگفتگو، انتونیو گوٹریش کو پاکستان میں تعلیم، کاروبار،اور ہنر سے متعلق تجربات سے آگاہ کیا۔

 پناہ گزینوں نے سیکرٹری جنرل کو اپنے ممالک میں ظلم و ستم اور تشدد کی روداد بھی سنائیں۔

انتونیوگوٹریش نے کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے متاثر 45 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دی اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے، پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی، طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی پرپاکستان کا شکر گزار ہوں۔

بعد ازاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک آبی معاہدہ موجود ہے، معاہدے میں عالمی بینک ضامن ہے، ہمارا بھی ایسا ہی معاہدہ اسپین کے ساتھ ہے، پانی  اسلحہ  نہیں بلکہ امن کا ضامن ہونا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ  بھارتی زیر کنٹرول  کشمیر میں انسانی حقوق کا ہرصورت احترام کیا جانا چاہیے، نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے، انسانی حقوق کمشنر کی دو رپورٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مکمل عکاسی ہے۔

 پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر شدید تشویش ہے، پاک -بھارت ایل او سی پر تحمل کا مظاہرہ کریں، دونوں ممالک میں امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کردار ادا کرسکتی ہے جب کہ سفارتکاری اور مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔

 



متعللقہ خبریں