مشرقِ وسطیٰ میں تمام فریقین کوصبروتحمل اورمذاکرات سے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے : شاہ محمود قریشی

پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

مشرقِ وسطیٰ  میں تمام فریقین کوصبروتحمل اورمذاکرات  سے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے : شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی دفتر خارجہ کا دورہ کیا، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔

 پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے۔ اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن و استحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے۔ وزیر خارجہ نے اس تشویش کا اظہار کیا کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ مزید کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے، ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے تاکہ معاملات افہام و تفہیم کیساتھ پر امن انداز میں طے پا سکیں۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافے سے ”افغان امن عمل” جو اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی ”امن کاوشوں” کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔



متعللقہ خبریں