آرمی ایکٹ میں ترامیم کابل قومی اسمبلی سےمنظور ہونےپرتمام سیاسی جماعتوں کومبارکباد: فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ سیاسی امور پر اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے،جب بھی ملک کی قومی سلامتی اور مفاد کی بات آتی ہے تو سب سیاسی جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں ،پیپلز پارٹی خصوصی تحسین کی حقدار ہے جس نے قومی مفاد میں اپنی تجاویز واپس لیں

1336620
آرمی ایکٹ میں ترامیم کابل قومی اسمبلی سےمنظور ہونےپرتمام سیاسی جماعتوں کومبارکباد: فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کا بل قومی اسمبلی سے منظور ہونے پر تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تحفظ سے جڑی اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے اتفاق اوربرد باری کا مظاہرہ کیا، آج ثابت ہو گیا کہ جب بھی ملک پر مشکل وقت آئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی امور پر اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے،جب بھی ملک کی قومی سلامتی اور مفاد کی بات آتی ہے تو سب سیاسی جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں ،پیپلز پارٹی خصوصی تحسین کی حقدار ہے جس نے قومی مفاد میں اپنی تجاویز واپس لیں، مخالفین سن لیں ،ملکی مفاد کے معاملے میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں ، پارلیمنٹ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوتی رہے گی، پاکستان کے مخالفین کے پروپیگنڈے کو پارلیمنٹ نے دفن کر دیا ، پارلیمنٹ نے ان کے ارمانوں کو ملیا میٹ کر دیا ہے

 وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہیں تھیں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمان کے اندر اہم قانون سازی پر سیاسی جماعتوں نے برد باری دکھائی ، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جب کوئی چیلنج سامنے آتا ہے تو تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت سیاسی مفادات سے باہر نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دیتی ہیں ، سیاست کے محاذ پر اختلاف رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے ، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید کرتی رہتیں ہیں لیکن جب قومی مفاد کی بات آتی ہے تو تمام سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ،پیپلز پارٹی نے مجوزہ ترامیم قومی مفاد میں واپس لیں، انہوں نے حب الوطنی کاثبوت دیا، آج متفقہ قانون سازی کا تاریخ ساز دن تھا، پاکستان کے مخالفین آنکھیں کھول کر دیکھ لیں ، یہ یکجہتی پارلیمنٹ سے نظر آتی رہے گی ، اس یکجہتی کی فضا کو آگے بڑھنا چاہیئے ، عوام کے دکھوں کا مداوا ہو، یہ مشکلات کے خاتمے کا سال ہے ، اس سے عمل کو ریلیف ملے گا، پارلیمنٹ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوتی رہے گی۔

 ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کا جو اس وقت بیرونی محاذ پرقومی سلامتی کے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان کے مخالفین ایف اے ٹی ایف کے اندرکیا سازشیں کر رہے ہیں ، اس سمیت ہر ہم قومی چیلنج پر اسی طرح کی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے اندر سے کرپشن کا خاتمہ بھی قومی سلامتی کا اہم جزو ہے،کرپشن کے خاتمے کے لئے ایجنڈے کے مطابق ادارے اپنا کام کرتے رہیں گے ۔

 انہوں نے کہ کہ قائمہ کمیٹیوں میں سب جماعتوں کی نمائندگی ہوتی ہے، اپوزیشن مستقبل میں بھی اپنی تجاویز لائے وہ قوم کے مفاد میں ہوئیں تو حکومت ان ترامیم کو منظور کرائے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احتساب ملک اور قوم کی ضرورت ہے، اگر کسی نے کچھ غلط نہیں کیا تو اس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اداروں کو کام کرنا ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءفیصل جاوید خان نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ اتفاق رائے سے بل پاس ہوا ، کچھ ایسی قانون سازی ہوتی ہے جس کو لمبا کھینچا جاتاہے ، زینب الرٹ بل کمیٹی میں پھنسا ہوا تھا جسے چار ماہ کے بعد پارلیمنٹ بھیجا گیا ہے۔



متعللقہ خبریں