پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد اپنے ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق شاہ محمود قریشی نے جواد ظریف سے گفتگو میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

1335356
پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد اپنے ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے جواد ظریف سے گفتگو میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خطے کے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔

گزشتہ روز دفتر خارجہ نے امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ کے قتل سے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

دریں  اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات کی اور کہا کہ حالات بہتر ہونے کے باوجود خطہ ابتری کی طرف جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا خطے کے ممالک میں کشیدگی کم ہونی چاہیے، افغان مصالحتی عمل خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔

آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی افواہیں گردش میں ہیں تاہم پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ گزشتہ 4 دہائیوں سےخطہ مسائل کاسامنا کرتا رہا، پاکستان نے بڑی قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے۔

ایک موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف ہمیں دھمکیاں دینے کے بجائے ملک میں بڑھتے احتجاج کے طوفان پر توجہ دیں۔



متعللقہ خبریں