غیر استعمال شدہ جائیدادوں کی آمدنی کوعوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے : عمران خان

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت مختلف وزراتوں اور وفاقی حکومت کے اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کو بروئے کار لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

1317867
غیر استعمال شدہ جائیدادوں کی آمدنی کوعوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے : عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سالہا سال سے غیر استعمال شدہ اربوں کی جائیدادوں کو مثبت طریقے سے بروے کار لانا اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عوام کی فلاح و بہبود اور سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں جیسی بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لئے استعمال کرنا موجودہ حکومت کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں کی جائیدادوں کے باوجود وفاقی حکومت کے مختلف ادارے اربوں روپے کا سالانہ خسارہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان بیش قیمت جائیدادوں کو استعمال میں نہ لاکر مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت مختلف وزراتوں اور وفاقی حکومت کے اداروں کی غیر استعمال شدہ املاک کو بروئے کار لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر استعمال شدہ املاک کی نشاندہی نہ کرنے والے یا ان کو مثبت طریقے سے برو¿ے کار لانے میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سرکاری افسران و ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے ایسٹ منیجمنٹ کمیٹی، متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ نشاندہی کی جانے والی املاک سے متعلقہ تمام امور کو آئندہ ایک ہفتے میں حل کیا جائے تاکہ ان املاک کو مثبت طریقے سے برو¿ے کار لانے کے فیصلے پر عمل درآمد مکمل کیا جا سکے۔

سیکرٹری نجکاری رضوان ملک نے مختلف وزاتوں اور وفاقی حکومت کے محکموں کے اداروں کی متعدد املاک کو مثبت طریقے سے برو¿ے کار لانے اور ان کی ممکنہ نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری نجکاری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے فروری اور مارچ میں کئے جانے والے فیصلوں کی روشنی میں ہر وزارت کو کم از کم تین املاک کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مختلف وزارتوں کی جانب سے اب تک 32 املاک کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشاندہی کی جانے والی املاک کا تخمینہ لگانے کے لئے اور ان جائیدادوں کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے فنانشل ایڈوائزر کی خدمات اکتوبر کے آخر میں حاصل کی گئیں۔

 انہوں نے کہا کہ ان املاک کی مارکیٹنگ دبئی ایکسپو میں کی جائے گی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ان بیش بہا اثاثوں کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔



متعللقہ خبریں