عمران خان کی سی پیک کے دائرہ کار میں 4 شعبوں کو اولیت دینے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بیوروکریسی عوامل سے آگاہی کی ہدایت کی ہے

1129077
عمران خان کی سی پیک کے دائرہ کار میں 4 شعبوں کو اولیت دینے کی ہدایت

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آئندہ کے دور میں پاک چین اقتصادی راہداری کے 4 اہم شعبوں کو خصوصی ترجیح دینے اور امسال  ماہ ِ جون تک کم از کم 3 خصوصی اقتصادی علاقوں   کا سنگِ بنیاد رکھنے کی ہدایات دے دی ہیں۔

وزیراعظم نے سی پیک پر جائزاتی کمیٹی اجلاس کی سربراہی کی تھی جس کے شرکاء کو وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی  کے اجلاس میں ہونے والی گفتگو  کی بریفنگ دی۔

اجلاس کے بعد جاری  اعلان   کے مطابق ’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صنعتی تعاون، سوشیو اکنامک اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مدت کا تعین کرتے ہوئے  ترجیح کے حامل  منصوبوں کا سنگ بنیاد  2019 کی ابتدائی ششماہی میں رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آئی ٹی کے خصوصی اقتصادی زون کے لیے جگہ کے انتخاب اور زمین کے حصول کی کارروائی اور دیگر وجوہات کی بنا پر زیادہ وقت درکار ہوگا۔

اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ چینی سرمایہ کاروں کے پاکستان آنے پر ملکی ٹیکس پالیسی، دستیاب سہولیات، اور بزنس تجاویز پر تیزی سے عمل درآمد کے بارے میں آگاہ کر کے ان کے دورے سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل پاکستان کے مفاد میں ہے اور پاکستان بھرپور طریقے سے چینی تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے جس کے تحت اس نے عوام میں غربت کی شرح کم کی کیوں کہ بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرامز ہمیشہ جاری نہیں رکھے جاسکتے۔



متعللقہ خبریں