جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی بطورچیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا

1128158
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی بطورچیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، چاروں صوبوں کے گورنرز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کے موجودہ، سابق ججز ، مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پرفائزغیرملکی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ترک سپریم کورٹ کے صدر جسٹس نارین فردی، ناردرن سائپرس عدالت کے صدرجسٹس قاشم، نائیجریا بورنو کے جسٹس بی مارولوکر اوربھارتی سپریم کورٹ کے سابق صدراورسینئرجج بھی حلف برداری تقریب میں شریک تھے۔

حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز شریک ہوئے۔

وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کے ارکان کو بھی حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، سفارتکار اور دیگر شعبوں کے افراد بھی شریک ہوئے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954 کو صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، وہ اپنی تعلیمی قابلیت اور سب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

انہیں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے سے شہرت ملی جبکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کی سفارش کی تھی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ   نے ماسٹرز ڈگری کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ کا رخ کیا، جہاں کیمبرج یونیورسٹی سے 1977 اور 1978 میں انہوں نے قانون کی 2 ڈگریاں حاصل کیں، برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 1979 میں وطن واپس آئے اور لاہور ہائیکورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔

20 سال تک وکالت جاری رکھنے کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 مئی 1998 میں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 2010 میں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔

چیف جسٹس کے عہدے پر 3 سو 47 دن تک فائز رہنے کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ رواں سال 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

 



متعللقہ خبریں