عمران خان کا خواب 22 برسوں بعد شرمندہ تعبیر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کےدوران ملک کے 22 ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا ہے

1034733
عمران خان کا خواب 22 برسوں بعد شرمندہ تعبیر

2018 عام انتخابات کے فاتح عمران خان نے ملک کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

عمران خان تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے 10 بجکر 5 منٹ پر بنی گالہ سے ایوان صدر پہنچے، جس کے بعد 9.30 بجے شروع ہونے والی حلف برداری کی تقریب کا آغاز 45 منٹ کی تاخیری سے ہوا۔

معمول کے مطابق تقریب کا آغازقومی ترانے سے ہوا۔جس کے بعد تلاوتِ کلام پا ک کی  گئی ۔بعد  ازاں   صدرِ مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد ایوان تالیوں سے گونج اٹھا اور مہمانوں نے عمران خان کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کی  مبارک باد پیش کی۔

تقریب ِحلف برداری  اور مبارکبادیں وصول کرنے کے بعد عمران خان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے  اپنے روایتی انداز  کو  اپناتے ہوئے  چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھی۔

تقریب حلف برداری میں بڑی تعداد میں مہمان شریک ہوئے، اس سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ایوان صدر کی فضائی نگرانی بھی کی گئی ۔

تقریب حلف برداری میں سابق نگراں وزیر اعظم جسٹس(ر) ناصرالملک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر، 1992 میں عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے سابق کھلاڑی، فلمی ستارے اور بھارت سے آئے مہمان سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے۔



متعللقہ خبریں