اب پاکستان میں گالم گلوچ اور الزام تراشیوں کا چورن نہیں بکے گا: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

ملک میں صرف شرافت کی سیاست چلے گی، ہمارے مخالفین پاکستان کی نہیں کسی اور کی سیاست کر رہے ہیں: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

964918
اب پاکستان میں گالم گلوچ اور الزام تراشیوں کا چورن نہیں بکے گا: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں صرف شرافت کی سیاست چلے گی، ہمارے مخالفین پاکستان کی نہیں کسی اور کی سیاست کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ کے علاقے نڑھ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا  ہےکہ اب پاکستان میں گالم گلوچ  اور الزام تراشیوں کا چورن نہیں بکے گا، اب صرف شرافت کی سیاست چلے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین پاکستان کی نہیں کسی اور کی سیاست کر رہے ہیں ۔ عوام کی خدمت کے لئے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے اور یہ فیصلہ اب عوام کو کرنا ہے کہ وہ جمہوریت چاہتے ہیں یا پھر کوئی اور نظام۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں کام کرنے والی جماعت صرف مسلم لیگ نون ہے اور یہ جماعت جمہوریت کی حامی ہے اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کے لئے کام کر رہی ہے کیونکہ عوام کی خدمت کے لئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور ان میں تاخیر کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ عوام ہماری کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر مسلم لیگ نون کے حق میں فیصلہ کریں گے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک سے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا کافی حد تک خاتمہ ہو گیا اور ہزاروں میگاواٹ بجلی قومی سسٹم میں شامل کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ملک  و قوم کو سی پیک جیسا عظیم منصوبہ دیا ہے  اور اس کے علاوہ جو بھی منصوبے عوام دیکھیں گے ان پر مسلم لیگ نون کی مہر ہو گی۔



متعللقہ خبریں